دو افغان لڑکوں کی ہلاکت پر نیٹو کی معذرت

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 2 مارچ 2013 ,‭ 16:34 GMT 21:34 PST
نیٹو

افغان عوام اور صدر حامد کرزئی عام شہریوں کی ہلاکت پر شدید ناراض ہیں

نیٹو کی زیر قیادت ایساف فورس نے ایک ہیلی کاپٹر حملے میں دو افغان لڑکوں کی ہلاکت پر مافی مانگی ہے۔ ہیلی کاپٹر میں موجود فوجیوں نے لڑکوں کو مزاحمت کار سمجھ کر ان پر غلطی سے فائرنگ کر دی تھی۔

یہ لڑکے جن کی عمریں سات سال سے کم تھیں گزشتہ ماہ اردگان صوبے میں مارے گئے تھے۔

ایساف کے کمانڈر جنرل جوزف ڈنفورڈ نے کہا کہ مشن اس واقعہ کی پوری ذمہ داری لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک سانحہ تھا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کی ہلاکت سے افغان عوام اور صدر حامد کرزئی کافی نالاں ہیں اور انہوں نے حال ہی میں اپنی فوج کو منع کیا ہے کہ وہ غیر ملکی افواج کو فضائی حملوں کے لیے نہ بلائیں۔

یہ اقدام تیرہ فروری کے اس واقع کے بعد کیا گیا جب افغان فورسز کی طرف سے بلائے جانے والے نیٹو کے ایک فضائی حملے میں پانچ خواتین اور چار بچوں سمیت دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

کابل میں بی بی سی کے نمائندے کوئنٹین سمروائل کا کہنا ہے کہ صدر نے کئی مرتبہ اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ نیٹو فورسز زیادہ دیکھ بھال کے بعد حملہ کریں اور اس طرح کے واقعات کو روکنے کی کوشش کریں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لڑکوں کو آسٹریلوی فوج نے اس وقت ہلاک کیا تھا جب ان پر اس علاقے سے طالبان کی جانب سے حملہ کیا گیا۔

اے ایف پی کے مطابق اردگان کے گورنر امیر محمد اخونزادہ نے کہا ہے کہ ’آسٹریلوی فوجیوں کی طرف سے بچوں کی ہلاکت ایک غلطی تھی جو کہ جان بوجھ کر نہیں کی گئی تھی۔‘

اردگان میں تعینات آسٹریلوی افواج نے اس سے پہلے کہا تھا کہ صوبے میں ایک ’آپریشنل واقعہ‘ ہوا ہے لیکن انہوں نے اس کو کوئی تفصیل نہیں دی تھی۔

اس واقعہ کے بعد ایساف اور افغان تحقیقاتی ٹیم نے مقامی رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔