
مصر میں ججوں نے صدر مرسی کی جانب سے اختیارت حاصل کرنے کے صدراتی حکم کو تنقید کا نشانے بناتے ہوئے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
ایک ہنگامی اجلاس میں ججوں کی یونین نے صدر مرسی پر زور دیا کہ وہ اختیارات میں اضافے کے لیے جاری کیے جانے والے فرمان کو واپس لے لیں کیونکہ یہ عدلیہ کی آزادی پر غیر معمولی حملہ ہے۔
ہڑتال کے دوران عدالتیں اور پراسیکیوٹرز احتجاجاً کام نہیں کریں گے۔
جس وقت ججوں کا اجلاس جاری تھا اس وقت باہر جمع مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
حزب اختلاف کے رہنما محمد البرادی نے صدر مرسی کے جانب سے فرمان واپس نہ لینے تک پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔
سنیچر کو ہی مصر کی اعلیٰ عدلیہ نے صدر مرسی کی جانب سے اخیتارت حاصل کرنے کے صدراتی حکم کو شدید تنقید نشانہ بنایا۔
صدراتی حکم نامے میں عدالت کو آئین ساز اسمبلی کو ختم کرنے کے اختیارات پر قدغن لگائی گئی ہے۔ مصر کی آئین ساز اسمبلی ملک کے لیے نیا آئین بنا رہی ہے۔
مصر کی سپریم جوڈیشیل کونسل نے سنیچر کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ عدلیہ کی آزادی پر ایک غیر معمولی حملہ کیا گیا۔ سپریم جوڈیشل نےصدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے عدلیہ کی آزادی سے متعلق اپنے صدراتی فرمان میں تبدیلی کریں۔

محمد مرسی کا کہنا ہے کہ وہ مصر اور آزادی اور جمہوریت کی راہ پر لے جارہے ہیں
ادھر مصر کی حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ وہ ملک کے صدر محمد مرسی کے اس حکم نامے کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ حزب اختلاف نے کہا کہ وہ صدر مرسی کو وسیع اختیارات واپس کرنے کے لیے دھرنا دیں گے۔
جمعہ کو دارلحکومت قاہرہ کے تحریر سکوائر بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہوئے تھے لیکن انہیں سنیچر کی صبح تک منتشر کر دیا گیا۔ احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استمعال کیا۔
اطلاعات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ آئندہ منگل کو تحریر سکوائر پر ایک بڑے احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔ سنیچر کی صبح سے ہی تحریر سکوائر پر احتجاجی جمع ہونے لگے ہیں۔
اس سے قبل جمعہ کو ہی صدر محمد مرسی نے قاہرہ میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے اس حکم نامے کا دفاع کیا تھا جس کے تحت ان کو وسیع اختیارات حاصل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ مصر کو ’آزادی اور جمہوریت‘ کی راہ پر لے جا رہے ہیں اور وہ ملک کے سیاسی، اقتصادی اور سماجی استحکام کے محافظ ہیں۔
صدارتی حکم نامے کے مطابق اب کوئی بھی صدر کے بنائے ہوئے قوانین، کیے گئے فیصلوں اور جاری کیے گئے فرمان کو چیلنج نہیں کر سکے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ صدارتی اقدامات عدالتی یا دیگر کسی بھی ادارے کی جانب سے نظرِ ثانی سے مبرا ہوں گے۔
اس کے ساتھ ہی ان افراد کے مقدمات کی دوبارہ سماعت کا راستہ کھل گیا جو سنہ دوہزار گیارہ میں حسنی مبارک کی حکومت کا تختہ پلٹنے والی تحریک میں قتل کے الزام میں مجرم پائے گئے تھے۔
گزشتہ دو دنوں میں مصر میں سیاسی سطح پر ہونے والی اس پیش و رفت پر امریکہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

صدر مرسی کے فرمان کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں
جب وہ اپنے حامیوں سے خطاب کر رہے تھے اسی دوران قاہرہ کے تحریر سکوائر میں ان کے ہزاروں مخالف بھی جمع ہوئے تھے اور ملک کے کئی شہروں میں صدر کی جماعت کے دفاتر پر حملے کیے گئے۔
سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق جمعہ کئی شہروں میں مظاہرین نے اخوانِ مسلمین کے دفاتر پر حملے کیے اور توڑ پھوڑ کی۔
حزب اختلاف کا کہنا ہے صدر مرسی کے نئے فیصلوں کے خلاف احتجاج میں ان کے ساتھ مختلف بیس گروپ شامل ہوئے ہیں جو قاہرہ میں ایک ہفتے کا دھرنا دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ صدر مرسی حسنی مبارک کی طرح ایک آمر بن رہے ہیں۔
حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ صدر کا یہ اقدام حکومت کی قانونی حیثیت کے خلاف بغاوت ہے اور صدر نے خود کو مصر کا نیا ’فرعون‘ بنانے کی کوشش کی ہے۔






























