
’امریکی عوام معیشت، بے روزگاری، صحت اور تعلیم کی پالیسیوں کے بارے میں جاننا چاہتی ہے‘۔ جنوبی ایشیا کے امور کی ماہر کرسٹین فیر
اکتوبر کا مہینہ ہے اور امریکی دارالحکومت میں معمول سے زیادہ گرمی پڑ رہی ہے۔ واشنگٹن کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ایسا لگ ہی نہیں رہا کہ خزاں کا موسم ہے اور جہاں ایک ہفتے قبل سویٹر کے بغیر گزارا مشکل تھا، اب لوگوں نے موسمِ گرما کے کپڑے پہن رکھے ہیں۔ شاید انتخابات سے دو ہفتے قبل سیاسی گہما گہمی کی وجہ سے موسم میں بھی تبدیلی آ گئی ہے۔
تیسرے اور آخری صدارتی مباحثے کے بعد دونوں صدارتی امیدوار صدر باراک اوباما اور مِٹ رومنی نو ’سونگ‘ ریاستوں پر متوجہ ہیں، جن میں اوہائیو، فلوریڈا، اور کولوراڈو شامل ہیں۔ یہ وہ ریاستیں ہیں جہاں پر دونوں میں سے کوئی بھی امیدوار فاتح ہو سکتا ہے۔ تمام عوامی سرویز کا کہنا ہے کہ صدر اوباما اور مٹ رومنی کی وائٹ ہاؤس کی دوڑ ایسی ہے کہ ان کے جیتنے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ آخری مباحثے میں صدر اوباما کا پلڑا بھاری رہا، تاہم، امریکی عوام مباحثے کے موضوع یعنی خارجہ پالیسی میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتی۔
کرسٹین فیر جنوبی ایشیا کے امور کی ماہر ہیں اور انہوں نے کہا کہ ’امریکی عوام معیشت، بے روزگاری، صحت اور تعلیم کی پالیسیوں کے بارے میں جاننا چاہتی ہے، اسی لئے آخری مباحثے میں دونوں امیدواروں نے خارجہ پالیسی کے ساتھ ساتھ داخلی مسائل پر بھی بات کی۔‘

فرینک اسلام کا کہنا ہے کہ صدر اوباما ’دی امریکن ڈریم‘ کی عکاسی ہیں
انھوں نے مزید کہا کہ اگر صدر اوباما ان انتخابات میں جیت جاتے ہیں تو پاکستان کے لئے مشکل وقت آنے والا ہے۔ ’اپنے پہلے چار سال میں صدر اوباما نے پاکستان کے ساتھ کچھ نرمی دکھائی لیکن اب امریکی حکام کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔‘
کرسٹین فیر ریاست ورجینیا کے شہر ایلکسزینڈریا کی رہائشی ہیں، جو واشنگٹن سے صرف بیس منٹ کے فاصلے پر ہے۔ واشنگٹن تو صدر اوباما کے ہاتھ میں ہے، ورجینیا میں مقابلہ سخت ہے اور یہ انتخابات کے لئے بہت اہم ریاست مانی جاتی ہے۔ اطلاع ہے کے انتخابات سے دو دن قبل، مٹ رومنی یہاں کا دورہ کرنے والے ہیں۔
ورجینیا میں ہی، میری ملاقات ایک کاروباری شخصیت اور بھارتی نژاد امریکی شہری فرینک اسلام سے ہوئی۔ انہوں نے ڈیموکریٹک جماعت کی انتخابی مہم کو لاکھوں ڈالر دیے ہیں اور صدر اوباما کے دوبارہ منتخب ہونے کی صورت میں سفارتی عہدے کی امید بھی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ صدر اوباما عوامی انتخاب حاصل نہیں کر سکیں گے، وہ الیکٹورل ووٹ کے ذریعے جیت ہی جائیں گے۔
فرینک اسلام کا صدر اوباما میں اعتماد ان کے دفتر میں لگی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے۔ ۔گذشتہ کئی سالوں سے کرسمس کے تہوار پر انہیں وائٹ ہاؤس میں دعوت دی جاتی ہے اور اسی موقع پر ان کی نائب صدر جو بائڈن کے ہمراہ ایک تصویر فریم کر کے لگی ہوئی ہے۔ لیکن جس تصویر پر وہ زیادہ فخر محسوس کرتے ہیں، وہ صدر اوباما کے ساتھ ہے۔
فرینک اسلام کا کہنا ہے کہ صدر اوباما ’دی امریکن ڈریم‘ کی عکاسی ہیں، جس میں کوئی بھی لگن اور محنت سے صدر بن سکتا ہے۔ امریکی عوام نے ایک عام شخص، یعنی، صدر اوباما کو چار سال آزما تو لیا ہے، شاید اب ایک امیر آدمی، یعنی مٹ رومنی، کی باری آسکتی ہے۔






























