ایرانی ریال اور افغانوں کی مشکل

آخری وقت اشاعت:  بدھ 3 اکتوبر 2012 ,‭ 16:20 GMT 21:20 PST

حالیہ ہفتوں میں ایرانی سکے کی قدر پچاس فیصد تک گری ہے۔

ایرانی ریال کی گرتی قدر کا ایک غیرمتوقع نتیجہ افغانستان میں ایسے ہزاروں خاندانوں کی مشکلات بڑھ جانے کی صورت میں نکلا ہے جو ایران میں مقیم رشتے داروں کی بھیجی ہوئی رقومات پر انحصار کرتے تھے۔

ایران اور افغانستان کے درمیان صدیوں پرانے سماجی اور معاشی تعلقات ہیں۔ شمالی اور شمال مغربی افغانستان میں ایسے گھرانے عام ہیں جن کے بہت قریبی اور سگے رشتے دار ایران میں مقیم ہیں لیکن دونوں خاندان مستقل یا پھر بوقت ضرورت ایک دوسرے کی مدد کرتے رہتے ہیں۔

لیکن گزشتہ چند ہفتوں میں ایران سِکے کی قدر میں پچاس فیصد تک کی کمی نے دونوں اطراف ایسے خاندانوں کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔

ایسی ہی ایک خاتون سمیعہ رضائی نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک ماہ پہلے ضرورت پڑنے پر ایران میں مقیم ان کی بہن ان کو ایک ملین ریال بھیجتی تھیں تو اس کے پچاس ہزار افغانی ملتے تھے لیکن اب اسی رقم کے لیے اسے دو ملین ریال بھیجنے ہوں گے جو اس کی استطاعت سے باہر ہے۔

سمیہ رضائی کے بقول ان کی بہن ایران سے اب انہیں رقم بھیجنے کی استطاعت نہیں رکھتیں۔

کابل میں زرمبادلہ کے ایک تاجر قدرت اللہ کا زیادہ تر کاروبار ایران میں نوکری کرنے والے افغانوں کی بھیجی ہوئی رقومات ان کے افغان اہل خانہ تک پہنچانے کے کام کی بدولت چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مہینے پہلے تک وہ ہر ہفتے دو سے ڈھائی ہزار ڈالر تک ایران سے وصول کرکے افغانستان میں ان کے اہل خانہ تک پہنچاتے تھے لیکن گزشتہ چار پانچ ہفتوں سے ایک بھی ایسا گاہک ان کے پاس نہیں آیا۔ صورتحال یہ ہے کہ پہلے ہم روزانہ تیس ملین تک ایرانی ریال بھناتے تھے لیکن اب یہ رقم ایک ملین ایرانی ریال تک گر چکی ہے۔

ایرانی سکے کی گراوٹ نے دونوں ملکوں کے تجارتی روابط کو بھی متاثر کیا ہے۔ ایران سے جوتے درآمد کرنے والے ایک تاجر محمد نعیم نے بتایا کہ ایرانی ریال کی قدر گرنے کے بعد ان کے ایرانی سپلائیر نے انہیں پرانی قیمت پر خریدے ہوئے جوتے بھی بھیجنا بند کردیے ہیں جبکہ افغانستان میں بڑھی ہوئی قیمت پر کوئی جوتے خرید نہیں رہا۔

یاد رہے کہ ایران کے ساتھ افغانستان کے تجارتی مراسم امریکہ کو بہت عرصے سے کھٹکتے رہے ہیں اور حال ہی میں کابل کا دورہ کرنے والے امریکی اہلکاروں نے ان کے مکمل خاتمے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔