
وینزویلا میں سات اکتوبر کو صدارتی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں
جنوبی امریکہ کے ملک وینزویلا کے دارالحکومت میں صدر ہوگو شاویز کے مخالف رہنما اور صدارتی امیدوار ہینرک کیپریلس کے حق میں ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا ہے۔
دارالحکومت کراکس میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدارتی امیدوار ہینرک کیپریلس نے صدر شاویز پر سخت تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر ہوگو شاویز کے ایسے وعدوں کی ایک طویل فہرست ہے جنہیں پورا نہیں کیا گیا۔
آئندہ صدارتی انتخابات سے قبل اپنی آخری تقریر میں ہینرک کیپریلس نے کہا کہ دارالحکومت میں جلوس کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے۔
کیپریلس نے سنیچر کو ریاست بیرناس میں تین کارکنوں کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
’سنیچر کو تشدد کے واقعے میں تین جانیں ضائع ہوئیں اور ایسے واقعات کو دوبارہ پیش نہیں آنا چاہیے۔ میں ہلاک ہونے والوں اور ان کے اہلخانہ کو بتانا چاہتا ہوں کہ سات اکتوبر کو ہم تشدد کو شکست دیں گے۔‘

صدر ہوگو شاویز سنہ انیس سو ننانوے سے اقتدار میں ہیں
فرسٹ جسٹس پارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر شاویز کی آبائی ریاست بیرناس میں ایک جلوس منعقد ہونا تھا، جلوس کی جانب جانے والی سڑکوں کو بند کر دیا گیا اور اس دوران ویلرو اور فرینڈس نے اپنے کار سے نکل کر جلوس کی جانب کوشش کی تو ایک وین میں بیٹھے مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔‘
دریں اثناء صدر ہوگو شاویز نے مغربی ریاست زولیا میں اپنے حامیوں سے خطاب کے دوران ملک میں سوشلزم کو مضبوط کرنے کا وعدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ان کی شکست ناممکن ہے۔
ہوگو شاویز نے ہزاروں افراد کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔
خیال رہے کہ صدر ہوگو شاویز سال انیس سو ننانوے سے اقتدار میں ہیں اور آئندہ صدارتی انتخابات میں تیس کے قریب حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں نے ان کے خلاف اتحاد کرتے ہوئے کیپریلس کو مشترکہ صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔






























