
بدھ مت سے متعلقہ اشیاء کی بے حرمتی سری لنکا میں سختی سے ممنوع ہے
سری لنکا میں ایک عدالت نے تین فرانسیسی سیاحوں کو بدھ مت کے پیروکاروں کی دل آزاری کرنے والی تصاویر لینے کے جرم میں قید کی مشروط سزا سنائی ہے۔
جنوبی شہر گیل میں تصاویر بنانے والی ایک لیباٹری کی شکایت پر پولیس نے دو خواتین اور ایک مرد سیاح کو گرفتار کیا۔
سری لنکا میں لوگوں کی اکثریت نسلی طور پر سنہالی اور مذہبی طور پر تھراواڈا بدھ مت کے پیروکار ہیں۔
بدھ مت سے متعلقہ اشیاء کی بے حرمتی سری لنکا میں سختی سے ممنوع ہے۔ یہ واقع مبینہ طور پر وسطی سری لنکا میں ایک مندر کے اندر پیش آیا۔
مقامی پولیس کے ترجمان اجھیت روہانہ نے بی بی سی کو بتایا کہ فرانسیسی سیاح یہ تصاویر بنوانے کے لیے ایک مقامی لیباٹری میں گئے تھے۔
لیباٹری کے مالک کی شکایت پر ان تصاویر کو ضبط کر لیا گیا تھا تاہم بعد میں یہ ایک ویب سائٹ پر شائع ہوگئی ہیں۔
منگل کے روز ایک میجسٹریٹ نے تین ملزمان کو چھ ماہ قید با مشقت کی معطل شدہ سزا سنائی۔ معطل شدہ سزا کا مطلب ہے کہ ملزمان کو فی لحال قید نہیں کاٹنی ہوگی تاہم آئندہ پانچ سال میں دوسری بار ایسا جرم کرنے کی صورت میں یہ سزا عائد کی جا سکتی ہے۔ عدالت نے ملزمان پر جرمانہ بھی کیا۔
گزستہ ماہ پانچ عرب سیاحوں کو بدھ مت کے بارے میں ہتک آمیز مواد بانٹے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔
گوتم بدھ کے عکس والے چابیوں کے چھلے بیچنے کے جرم میں سنہ دو ہزار دس میں دو مسلمان سری لنکن تاجروں کو بھی معطل شدہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اسی سال سری لنکن حکومت نے مشہور گلوکار اے کون کو سری لنکا کا ویزہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کی وجہ ان کے ایک گانے میں بدھہ کے مجسمے کے سامنے خواتین کو رقص کرتے دیکھایا جانا ہے۔
ادھر دوسری جانب کاپل وستو نامی قدیم یادگار جسے گوتم بدھ کی ہڈیاں مانا جاتا ہے، کے بھارت سے سری لنکا دو ہفتوں کے دورے پر آنے سے ملک بھر میں جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔






























