اس مواد کو دیکھنے/سننے کے لیے جاوا سکرپٹ آن اور تازہ ترین فلیش پلیئر نصب ہونا چاہئیے
صدر قذافی کے بیٹے اور پوتوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج اور غیر ملکی سفارتخانوں پر حملوں کے بعد اقوامِ متحدہ نے طرابلس سے اپنے غیر ملکی عملے کو واپس بلانے کا اعلان کیا ہے جبکہ برطانیہ نے لندن میں لیبیا کے سفیر ملک بدر کر دیا ہے۔
لیبیا کی حکومت نے سفارتخانوں پر ہونے والے حملوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس کی ذمہ داری بے قابو مجمع پر عائد ہوتی ہے۔
لیبیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ نیٹو کے فضائی حملے میں کرنل معمر قذافی کے سب سے چھوٹے بیٹے سیف العرب قذافی ہلاک ہو گئے ہیں۔ لیبیا کی حکومت نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت طرابلس میں ہونے والے اس فضائی حملے میں کرنل قذافی محفوظ رہے ہیں۔ لیبیا کی حکومت کے ترجمان نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فضائی حملے میں کرنل قذافی کے تین پوتے بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
اتوار کے روز لوگوں نے بڑی تعداد میں صدر قذافی کے بیٹے اور پوتوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کیا ہے اور غیر سفارتخانوں پر حملے کیے ہیں جس کے بعد طرابلس میں اقوامِ متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے طرابلس سے اپنے غیر ملکی عملے کو واپس بلا لیا ہے۔
اقوام کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس فیصلے کا اگلے ہفتے از سرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری طرف برطانیہ نے لندن میں لیبیا کے سفیر کو چوبیس گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ طرابلس میں برطانوی سفارتخانے کی عمارت پر مظاہرین کی طرف سے حملے کے بعد کیا گیا۔ برطانوی کئی دیگر مغربی ملکوں کی طرح پہلے ہی اپنے سفارتی عملے کو لیبیا سے نکال چکا ہے۔
درایں اثنا اٹلی نے طرابلس میں اپنے سفارتخانے میں توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کی ہے۔ اٹلی نے حال ہی میں نیٹو نے لیبیا مشن میں شمولیت اختیار کی ہے۔
اس سے پہلے طرابلس میں حکومتی ترجمان موسیٰ ابراہیم نے اعلان کیا تھا کہ سنیچر کی رات کو نیٹو کی جانب سے حملہ کرنل قذافی کے صاحبزادے کے گھر پر کیا گیا جہاں قذافی خود بھی موجود تھے مگر وہ محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ پوری قوت کے ساتھ کیا گیا۔
موسیٰ ابراہیم نے تصدیق کی کہ اس حملے میں انتیس سالہ سیف العرب قذافی ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمر قذافی اپنی اہلیہ، دوستوں اور رشتے داروں کے ساتھ وہاں موجود تھے مگر محفوظ رہے۔

لیبیا کی حکومت کے ترجمان موسیٰ ابراہیم نے واقعے کی تصدیق کی
حکومتی ترجمان نے کہا کہ کرنل قذافی کو قتل کرنے کے لیے یہ براہ راست حملہ تھا۔
موسیٰ ابراہیم نے کہا کہ اس حملے سے یہ بات واضع ہو گئی ہے کہ مغرب کی لیبیا میں امن میں کوئی دلچسپی نہیں ہے بلکہ وہ لیبیا کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔
دوسری طرف نیٹو نے اپنے ایک بیان میں اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اس میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تاہم بیان میں کرنل قذافی کے خاندان کے افراد کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے برطانوی وزیر دفاع لیم فوکس سے جب پوچھا گیا تھا کہ کیا کرنل قذافی بھی ایک ہدف ہیں تو انہوں نے کہا تھا کہ کوئی بھی شخص جو لیبیا کے کمانڈ اور کنٹرول سسٹم سے منسلک ہے وہ ایک جائز ہدف ہے۔
سیف العرب کرنل قذافی کے چھ صاحبزادوں میں سب سے چھوٹے تھے جو حال ہی میں جرمنی سے تعلیم مکمل کر کے واپس لوٹے تھے۔
ادھر لیبیائی باغیوں کے مضبوط گڑھ بن غازی میں اس حملے کی اطلاع ملتے ہی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی گئی ہے۔

باغیوں کے مضبوط گڑھ بن غازی میں اس حملے کی اطلاع ملتے ہی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی گئی ہے
طرابلس میں موجود صحافیوں کا کہنا ہے کہ حملے میں گھر کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ایک بم جو پھٹ نہیں سکا ابھی بھی وہاں پڑا ہوا ہے۔
اس سے پہلے کرنل قذافی نے کہا تھا کہ کوئی بھی انہیں ملک چھوڑنے پر مجبور نہیں کر سکتا اور نیٹو کو فضائی حملے روک کر معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے چاہیئیں۔
جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ٹی وی پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا ’کوئی مجھے مجبور نہیں کر سکتا کہ میں اپنا وطن چھوڑ کر چلا جاؤں یا اس کے لیے نہ لڑوں‘۔
تاہم لیبیائی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جنگ بندی کے لیے تیار ہیں بشرطیکہ اس کی شرائط فریقین کے لیے قابلِ قبول ہوں۔
’جنگ بندی یک طرفہ نہیں ہو سکتی۔ ہم نہ ہی سمندر سے ان پر حملہ کر رہے ہیں اور نہ ہی سمندر عبور کر رہے ہیں۔ تو وہ کیوں ہم پر حملے کر رہے ہیں۔ ہم ہر حملہ آور ممالک سے میرا کہنا ہے کہ آئیں ہم آپ سے بات چیت کرتے ہیں‘۔
یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیٹو نے کرنل قذافی کی حامی افواج پر الزام لگایا ہے کہ وہ مصراتہ کی بندرگاہ کے قریب سمندر میں بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
لیبیا میں جاری نیٹو کی کارروائی کے ڈائریکٹر آپریشنز بریگیڈیئر راب ویہل نے بتایا ہے کہ بین الاقوامی اتحادی افواج کے بحری جنگی جہازوں نے مصراتہ کے ساحل سے دو سے تین کلومیٹر دور سمندر میں متعدد ایسی چھوٹی کشتیوں کی راہ میں روکاٹ ڈالی جو بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کر رہی تھیں۔
لیبیا مصراتہ میں سمندر کے راستے مزید امدادی سامان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتا اور امدادی ادارے اگر وہاں سامان پہنچانا چاہتے ہیں تو خشکی کا راستہ استعمال کریں۔ ہم بندرگاہ کے راستے باغیوں کو ہتھیار اور سامانِ رسد کی فراہمی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
موسٰی ابراہیم، ترجمان لیبیائی حکومت
انہوں نے کہا کہ بارودی سرنگیں بچھانے سے صاف ظاہر ہے کہ کرنل قذافی بین الاقوامی قوانین کی بالکل پروا نہیں کرتے اور وہ امداد کی فراہمی کے عمل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
لیبیا کے حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں بارودی سرنگیں بچھانے سے متعلق کوئی آگاہی نہیں ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ لیبیا مصراتہ میں سمندر کے راستے مزید امدادی سامان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتا اور امدادی ادارے اگر وہاں سامان پہنچانا چاہتے ہیں تو خشکی کا راستہ استعمال کریں۔.
مصراتہ مغربی لیبیا میں باغیوں کا واحد قابلِ ذکر مرکز ہے اور کرنل قذافی کی حامی افواج نے کئی ہفتوں سے اس کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ سرکاری فوج اگرچہ حال ہی میں شہر کے مرکز سے پسپا ہوئی ہے تاہم باغیوں کا کہنا ہے کہ حکومتی فورسز کچھ فاصلے سے شہری علاقوں پر گولہ باری کر رہی ہیں اور جمعہ کو بھی حکومتی ٹینکوں نے شہر میں دوبارہ داخلے کی کوشش کی ہے۔
لیبیائی حکومت کے ترجمان موسٰی ابراہیم کا کہنا تھا کہ حکومت ثابت کر چکی ہے کہ بن غازی سے ہتھیار سمندری راستے سے مصراتہ کے باغیوں تک پہنچائے گئے ہیں اور ’ہم بندرگاہ کے راستے باغیوں کو ہتھیار اور سامانِ رسد کی فراہمی کی اجازت نہیں دے سکتے‘۔
بارودی سرنگیں بچھانے سے صاف ظاہر ہے کہ کرنل قذافی بین الاقوامی قوانین کی بالکل پروا نہیں کرتے اور وہ امداد کی فراہمی کے عمل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
بریگیڈئر راب ویہل
لیبیائی ٹی وی پر اعلان کیا گیا ہے کہ اب بندرگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے جہاز پر بلا تخصیص حملہ کر دیا جائے گا۔
موسٰی ابراہیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگلے چار دنوں کے دوران مصراتہ میں ہتھیار ڈالنے والوں اور خود کو حکومت کے حوالے کرنے والے باغیوں کو معاف کر دیا جائے گا تاہم اگر انہوں نے جنگ جاری رکھی تو انہیں مکمل طاقت کا سامنا کرنا ہوگا۔
طرابلس میں موجود بی بی سی کے ایئن پینل کا کہنا ہے کہ اگرچہ حکومتی افواج کی جانب سے مصراتہ کے بیشتر علاقے پر کنٹرول کا دعوٰی کیا جا رہا ہے تاہم ایسا لگتا ہے کہ لیبیائی حکومت نیٹو کے دباؤ کی وجہ سے دفاعی پوزیشن سنبھالنے اور حال ہی میں ہونے والے نقصانات سے سنبھلنے کی کوشش کرنے پر مجبور ہے۔
BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے
اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔