آخری وقت اشاعت:  اتوار 6 فروری 2011 ,‭ 20:07 GMT 01:07 PST

مصر: حکمران جماعت کی اعلیٰ قیادت مستعفی

صدر حسنی مبارک کے بیٹے جمال مبارک سمیت حکمران جماعت کی اعلیٰ قیادت نے اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا ہے۔

مصر کے سرکاری ٹی وی کے مطابق حکمران جماعت نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری صفوت علی شریف مستعفی ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ ملک کے مشہور فزیشن ڈاکٹر حسام بدروی کو نیا جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔

درین اثناء مصر میں صدر براک اوباما کے خصوصی ایلچی نے کہا ہے کہ صدر حسنی مبارک کو فوری طور پر اقتدار سے علیحدہ نہیں ہونا چاہیے۔

صدر اوباما کے ایلچی فرینک وازنر نے کہا کہ صدر حسنی مبارک کو جمہوریت کے قیام کے لیے ضروری تبدیلیوں کی نگرانی کے لیے اقتدار میں رہنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصر میں تبدیلیوں کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین صورتِ حال

مصر کے سرکاری ٹی وی کے مطابق حکمران جماعت نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری صفوت علی شریف مستعفی ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ ملک کے مشہور فزیشن ڈاکٹر حسام بدروی کو نیا جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔

مصر میں صدر حسنی مبارک کی اقتدار سے علیحدگی کے لیے جاری تحریک کے بارہویں دن سنیچر کو جہاں نائب صدر انتقالِ اقتدار کے معاملے پر حزبِ اختلاف کے رہنماؤں سے ملاقات کر رہے ہیں وہیں جمعہ کو منعقد ہونے والے ایک بڑے حکومت مخالف مظاہرے کے بعد بھی قاہرہ کے تحریر سکوائر میں حکومت مخالف مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے التحریر سکوائر میں جمع ہونے والے حکومت مخالف مظاہرین جمعہ کو صدر حسنی مبارک کا ’یومِ رخصت‘ منانے کے بعد اب بھی علاقے میں موجود ہیں۔ علاقے میں حالات پرسکون ہیں اور فوجی جوان علاقے میں داخل ہونے والے افراد کے شناختی کاغذات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

جمعہ کو اس جگہ پر ایک لاکھ کے قریب مظاہرین جمع ہوئے تھے جو حکومت مخالف مظاہرین جھنڈے لہرا رہے تھے اور قومی نغمےگا رہے تھے۔ فوجی مظاہرین کے آس پاس تھے لیکن وہ مظاہرین کے ساتھ تعاون کر تے رہے تاکہ تحریر سکوائر کے داخلے کے مقامات پر ناکے لگائے جا سکیں اور صدر مبارک کے حامیوں کی طرف سے کسی بھی قسم کی مظاہرے میں رکاوٹ کی کوشش کو روکا جا سکے۔

اس مواد کو دیکھنے/سننے کے لیے جاوا سکرپٹ آن اور تازہ ترین فلیش پلیئر نصب ہونا چاہئیے

ونڈوز میڈیا یا ریئل پلیئر میں دیکھیں/سنیں

بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق گیارہ دن سے جاری احتجاج کے بعد اب صدر مبارک کی مخالف تحریک میں شریک افراد کے ذہنوں میں یہ شکوک پیدا ہونے لگے ہیں کہ اس تحریک سے کتنا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

صدر حسنی مبارک یہ اعلان کر چکے ہیں کہ وہ ستمبر 2011 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے لیکن ابتداء میں حکومت مخالف مظاہرین نے ان کی یہ پیشکش مسترد کر دی تھی اور وہ ان کے فوری استعفٰے کے مطالبے پر قائم تھے۔

تاہم اب اس بات کے اشارے بھی ملے ہیں کہ مصری حکومت اور حزبِ اختلاف کے درمیان انتقالِ اقتدار کے معاملے پر مذاکرات شروع ہو سکتے ہیں۔ مصر کے وزیرِ خزانہ سمیر ردوان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ نائب صدر عمر سلیمان سنیچر کو حزبِ اختلاف کے رہنماؤں سے ملاقات بھی کر رہے ہیں۔ اس ملاقات کے ایجنڈے کی تفصیل نہیں بتائی گئی ہے۔

ادھر مصر میں حزبِ اختلاف کے سب سے بڑے گروہ اخوان المسلمین کا کہنا ہے کہ وہ ان مذاکرات میں شرکت کے لیے صرف اسی صورت میں تیار ہوں گے اگر صدر حسنی مبارک فوری طور پر استعفٰی دے دیں۔ اخوان المسلمون کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت ان اصلاحات کی تفصیل بھی فراہم کرے جو وہ ایک وقتِ مقررہ کے اندر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس مواد کو دیکھنے/سننے کے لیے جاوا سکرپٹ آن اور تازہ ترین فلیش پلیئر نصب ہونا چاہئیے

ونڈوز میڈیا یا ریئل پلیئر میں دیکھیں/سنیں

بی بی سی کے نامہ نگاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ احتجاج میں شامل بہت سے افراد اپنی آمدن کے نقصان سے بھی پریشان ہیں۔ صدر مبارک نے سنیچر کو وزیراعظم، وزیرِ خزانہ، وزیرِ تیل اور وزیرِ صنعت و تجارت کے علاوہ مرکزی بینک کے گورنر سے بھی ملاقات کی ہے۔ مصر میں بینک اس اتوار سے کھل رہے ہیں تاہم ملک کا بازارِ حصص جو پیر سے کھلنے والا تھا اب نہیں کھلےگا۔

فرانسیسی بینک کریڈٹ ایگریکول کے ایک تجزیے کے مطابق سیاسی بحران کی وجہ سے مصری معیشت کو روزانہ اکتیس کروڑ کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ کریڈٹ ایگریکول کے معاشی ماہرین نے موجودہ سیاسی بحران کے بعد مصر کی معاشی ترقی کی شرح کا تخمیہ پانچ اعشاریہ تین سے کم کر کے تین اعشاریہ سات کر دیا ہے۔

’مشرقِ وسطیٰ میں شورش‘

امریکہ کی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں شورش کا ’بھرپور طوفان‘ آیا ہوا ہے اور وہاں کے ممالک کو چاہیئے کہ وہ جمہوری تبدیلیاں لائیں۔

میونخ میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر چار بڑی طاقتوں کے اجلاس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقے میں ’سٹیٹس کو‘ یا موجودہ صورتِ حال زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی طرف قدم اٹھانے میں افراتفری ہو سکتی ہے لیکن بالآخر ’آزاد لوگ اپنے امور بہتر طریقے سے چلا سکتے ہیں۔‘

اس مواد کو دیکھنے/سننے کے لیے جاوا سکرپٹ آن اور تازہ ترین فلیش پلیئر نصب ہونا چاہئیے

ونڈوز میڈیا یا ریئل پلیئر میں دیکھیں/سنیں

وہ یہ بات شورش کے بعد تیونس کے صدر کے ملک سے فرار ہونے اور مصر میں مظاہروں کے حوالے سے کہہ رہی تھیں۔

اس کے علاوہ یمن اور اردن میں بھی کافی مظاہرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت اور تیل کے کم ہوتے ہوئے ذخائر جیسے مسائل سے درپیش حکومتیں، ہو سکتا ہے کہ تبدیلی کی لہر کو تھوڑے عرصے تک روک سکیں لیکن یہ زیادہ عرصہ تک نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کے امکان سے پوری طرح آگاہ ہیں کہ جو ملک یہ تبدیلیاں لا رہے ہیں وہاں آمریت واپس آ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی لیے آزاد اور منصفانہ انتخابات کافی نہیں، ان کے سات ساتھ گڈ گورننس کے ادارے ہوں، قانون کی بالا دستی ہو، ایک آزاد عدلیہ اور اظہار کی آزادی ہو۔

امریکہ نے مصر میں فوری طور پر طاقت کے منظم انتقالِ اقتدار پر زور دیا ہے۔

اس سے قبل صدر براک اوباما نے بھی مصر میں پرامن انتقالِ اقتدار کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ دہرایا تھا اور صدر حسنی مبارک سے کہا تھا کہ وہ درست فیصلہ کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ مصر میں افراتفری کے یہ لمحات ملک کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کا پیش خیمہ بنیں گے۔

واشنگٹن میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا تھا کہ پوری دنیا مصر کی طرف دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے مصر کے صدر حسنی مبارک کے فوری استعفے کا تو مطالبہ نہیں کیا لیکن انہوں نے کہا کہ انتقالِ اقتدار کا عمل فوری طور پر شروع ہونا چاہیے۔

’انہیں اپنے عوام کی آواز پر کان دھرنے چاہیں اور مستقل کے بارے میں ایسے فیصلہ کرنا چاہیے جو پرامن ہو، بامعنی ہو اور سنجیدہ ہو۔‘

تصاویر:تحریر میں پڑاؤ

  • قاہرہ کے تحریر سکوائر میں مسلسل بارہویں روز بھی مظاہرین جمع ہیں
  • مظاہرین نے تحریر سکوائر میں مستقل ڈیرہ ڈالا ہوا ہے
  • لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ صدر حسنی مبارک کے اقتدار سے علیحدہ ہونے تک تحریر سکوائر سے نہیں جائیں گے
  • لوگوں کے عزم اور حوصلہ سے دنیا بھر کے مبصرین حیران ہیں
  • لوگ تحریر سکوائر میں جانے کے لیے فوجی چوکی پر تلاشی دینے کے لائن میں کھڑے ہیں
  • حسنی مبارک کے حامیوں کے ساتھ لڑائی میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے
  • لوگ تحریر سکوائر میں اپنی مدد آپ کے تحت بہت سے کام کر رہے ہیں
  • لوگ کھانے پینے کی اشیاء بھی تقسیم کر رہے ہیں

مبارک کا انٹرویو

مصر کے صدر حسنی مبارک نے کہا ہے کہ وہ اقتدار سے ’تنگ‘ آ چکے ہیں لیکن اگر انہوں نے ابھی استعفیٰ دیا تو ملک میں افراتفری پھیل جائے گی۔

امریکی ٹی وی چینل اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صدارت سے تنگ آ چکے ہیں لیکن انہیں اپنے ملک کا خیال ہے جو، ان کے بقول‘ وہ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ وہ صدارتی انتخابات میں کھڑے نہیں ہوں گے اور نہ ہی ان کا بیٹا جمال ان کا جانشین ہے۔

انہوں نے امریکی صدر براک اوباما کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اچھے آدمی ہیں لیکن وہ مصر کے کلچر کو نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کالعدم تنظیم الاخوان المسلمین کو ملک میں جاری تشدد کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اگر وہ چلے گئے تو حزبِ مخالف کی اسلامی جماعت آ جائے گی۔

صدر مبارک کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے حزبِ مخالف کے رہنما محمد البرادعی نے کہا ہے کہ وہ ’صرف وہ نہیں ہم بھی بطور عوام تنگ آ چکے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ خیال کہ (ان کے جانے سے) افراتفری پھیل جائے گی ایک آمر کی سوچ ظاہر کرتا ہے۔ ’وہ سمجھتے ہیں کہ جیسے ہی وہ اقتدار چھوڑ جائیں گے پورا ملک بکھر جائے گا۔‘

الاخوان المسلمین کے ایک سینیئر رکن اعصام العریان نے اس بات کی تردید کی کہ ان کی جماعت صدارت کے لیے کوئی امیدوار کھڑا کرے گی۔ انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترجیح دیں گے کہ حزبِ مخالف کوئی متفقہ امیدوار نامزد کرے۔

مبارک کے حربے

مصر کے صدر حسنی مبارک کے مخالفین کو ٹینکوں اور ناکوں کی موجودگی میں تحریر سکوائر کی طرف امڈتے دیکھ کر محسوس ہوتا تھا کہ ان تاریخی مظاہروں کو فوج کی آشیرباد حاصل ہے۔

ان حالات میں کسی کو اس بات پر حیرت نہیں ہوئی ہو گی کہ صدر مبارک نے، واضح امریکی دباؤ میں، ستمبر میں ہونے والے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

لیکن وہ رخصت نہیں ہوئے۔ منگل کی رات کو ان کا بیان اپنے مخالفین کو مقابلے کا چیلنج تھا۔ یہ ان کی طرف سے اعلان تھا کہ ان کے اقتدار کی تیسری دہائی مزید نو مہینے جاری رہے گی۔

اور پھر اس سے اگلے روز صدر مبارک کے ہزاروں حامیوں نے تحریر سکوائر پر ہلہ بول دیا اور فریقین میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔ صدر مبارک کے معاندانہ رویے اور مظاہرین کی طرف سے فوج کے استقبال کو دیکھ کر بہت سے لوگ اندازہ لگا رہے ہیں کہ صدر کو فوری طور پر ہٹا دیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ایسا ٹینک کے دہانے پر بھی ہو سکتا ہے۔

سب سے زیادہ غیر یقینی پہلو جونیئر افسروں کی سوچ ہے۔ جنہیں مصر کا تاریخ کا تھوڑا سا بھی ادارک ہے وہ جانتے ہیں کہ جونیئر افسروں کی ہی بغاوت نے جنگ کے بعد شاہ فاروق اول کا تختہ الٹا تھا اور پھر ان کی ’آزاد افسران کی تحریک‘ نے یک بعد دیگر برطانیہ نواز حکومتوں کا بھی خاتمہ کیا تھا

یہ وہ خوش فہمی ہے جو عام طور پر کسی بھی مزاحمتی تحریک سے وابستہ ہوتی ہے، خاص طور پرجب لوگ آمروں سے اقتدار چھین رہے ہوں۔

حسنی مبارک کی حکمت عملی اور ان کے مخالفین کے پاس ممکنہ راستوں کی سمجھ بوجھ کے بغیر مبصرین احتجاج کو ہوا دے کر خطرے سے کھیل رہے ہیں۔

صدر مبارک تین حلقوں سے رجوع کر سکتے ہیں۔ امریکہ کی قیادت میں عالمی برادری، فوج اور عوام۔ مشکل میں گھرے ہوئے کسی بھی آمر کی طرح انہیں مشکل فیصلے کرنے ہیں۔ انہوں نے مذکورہ تینوں حلقوں سے اسی ترتیب سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سب سے پہلے انہوں نے حکومت کو بدنام وزیر داخلہ سمیت برطرف کیا۔ اس تبدیلی کا مقصد عوام کو نہیں بلکہ امریکہ کو باور کروانا تھا کہ وہ اصلاحات کر رہے ہیں۔ اس اعلان سے مصر میں تو کسی ایک شخص کے کان پربھی جوں نہ رینگی ہو گی لیکن واشنگٹن کے محتاط رد عمل سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکہ کو اس سے کچھ وقت مل گیا۔

امریکہ نے جب صبر کا دامن چھوڑا بھی تو اس کا حسنی مبارک کے لیے سخت ترین پیغام یہی تھا کہ وہ ستمبر تک اقتدار سے ہٹ جائیں۔ یہ مہلت قاہرہ میں ہزاروں مظاہرین کی توہین کے مترادف ہے۔

حسنی مبارک کا دوسرا قدم فوج کے ساتھ شرکت اقتدار کے لیے زمین ہموار کرنا تھا۔ نئے نائب صدر عمرسلیمان نہ صرف سابق جرنیل ہیں بلکہ انہوں ایک طویل عرصہ فوجی افسران کی نگرانی کرتے گزارا ہے۔ انہوں نے اس واحد گروہ کو خریدنے کی کوشش کی ہے جو کامیاب بغاوت کا اہل ہے۔

فوج کی کی مدد کے بغیر مظاہرین کا مقصد حل نہیں ہوگا

جب تک قاہرہ میں کسی بھی ٹینک کمانڈر میں اقتدار چھیننے کی خواہش پیدا نہیں ہوتی مظاہرین کے لیے اپنے تاریخی انقلاب کو عملی جامہ پہنانا مشکل ہے۔

حسنی مبارک کی طرف سے مراعات کے اعلان کے بعد جوں جوں مظاہرین کی تعداد کم ہو گی اور ان کے گھروں کی نگرانی کا مسئلہ ہوگا ان کے لیے فوج کو اقتدار چھیننے کی کوشش پر آمادہ کرنا مشکل ہوتا جائے گا۔

فوج مظاہروں میں تو آسانی پیدا کر سکتی لیکن فوج میں بڑی تعداد میں بغاوتوں کے نہ ہوتے ہوئے وہ صدارتی محل پر قبضے کی اجازت نہیں دے گی۔

اگر حسنی مبارک نے درست فیصلے کیے ہیں تو اس طرح کی بغاوت کبھی نہیں ہوگی۔ ان کی طرف سے گولی نہ چلانے کا اعلان محض یکجہتی کا اظہار تھا اور یہ مظاہرین کا اعتماد حاصل کرنے کا بھی ایک طریقہ تھا جس کے لیے امریکہ کے صدر اوباما نے بھی ان کی تعریف کی تھی۔

سب سے زیادہ غیر یقینی پہلو جونیئر افسروں کی سوچ ہے۔ جنہیں مصر کا تاریخ کا تھوڑا سا بھی ادارک ہے وہ جانتے ہیں کہ جونیئر افسروں کی ہی بغاوت نے جنگ کے بعد شاہ فاروق اول کا تختہ الٹا تھا اور پھر ان کی ’آزاد افسران کی تحریک‘ نے یکے بعد دیگرے برطانیہ نواز حکومتوں کا بھی خاتمہ کیا تھا۔

وہ لوگ جو احتجاج کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں انہیں انیس سو اکیانوے میں عراق میں کردوں کی صدام مخالف تحریک ذہن میں رکھنی ہوگی جس میں امریکہ نے پہلے حمایت کی تھی اور پھر تحریک کی حمایت سے پیچھ ہٹ گیا تھا۔ اس کا نتیجہ وہ قتل عام تھے جو پوری عالمی برادری کے دیکھتے دیکھتے ہوئے تھے

فوج میں بعض اوقات ایسے اختلافات ہوتے ہیں جو صرف کسی فیصلے کی گھڑی میں ہی سامنے آتے ہیں۔ اخیراً اس صورتحال میں حسنی مبارک کے مخالفین کے پاس کیا راستہ بچتا ہے۔

مصر کے بیس فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرتے ہیں۔ وہ غیر معینہ مدت تک احتجاج نہیں کر سکتے اور صدر کے بر عکس انہیں کام پر واپس جانا ہی ہوگا۔

دریں اثناء تین میں سے دو حلقوں کی طرف سے بے فکر ہو کر حسنی مبارک وقت گزار سکتے ہیں۔ اس سے مظاہرین پر دباؤ پڑے گا کہ یا تو وہ موجودہ مشکل صورتحال برداشت کریں یا ریاست کے ستونوں کو نشانہ بنائیں جس کا نتیجہ عالمی برادری کی ناراضی ہوگا جو پہلے ہی ششدر ہے۔

عالمی برادری کے خیال میں انہوں نے صدر حسنی مبارک کو آئندہ انتخاب نہ لڑنے پر مجبور کر کے اپنا کام کر دیا ہے۔

(تحریر: ششانک جوشی، پی ایچ ڈی طالب علم جامعہ ہارورڈ، رسرچ ایسوسی ایٹ رائل یونائٹڈ سروسز انسٹیٹیوٹ)۔

[an error occurred while processing this directive]

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔