ملا برادر کی گرفتاری پر کابل خاموش؟

    • مصنف, لزڈوسٹ
    • عہدہ, بی بی سی نیوز لندن
  • وقت اشاعت

افغانستان میں جاری جنگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے اور پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

طالبان کی قیادت میں ملا عمر کے نائب یا ان کے بعد دوسرے بڑے راہنما ملا عبدالغنی برادر کی اچانک گرفتاری ایک انتہائی اہم موڑ پر ہوئی ہے۔

مذاکرات کی بات اب زور پکڑ رہی ہے اور اس کے متوازی جنوبی افغانستان میں طالبان کے مضبوط علاقوں میں بڑی فوجی کارروائی جاری ہے۔

پاکستانی صحافی اور مصنف احمد رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ جو بھی مذاکرات ہوں پاکستان ان میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

ملا برادر جنھیں پاکستان کے ساحلی شہر کراچی سے پاکستان اور امریکی خفیہ ایجنٹوں نے ایک مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا شاید کچھ زیادہ ہی آزاد لائن اختیار کر رہے تھے۔ کابل میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ یا ان کا کوئی معتمد خاص افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ کابل میں خفیہ بات چیت میں شامل تھا، جبکہ جنوبی افغانستان میں اور ملک سے باہر ان کے نمائندے ان مذاکرات میں شریک تھے۔

اپنا نام ظاہر کیے بغیر ایک اعلی افغان اہلکار نے کہا کہ ’یہ رائے عامہ کے لیے تو اچھا ہوگا لیکن ہمارے لیے نقصان دہ ہے‘۔ انھوں نے کہا کہ ملا برادر سے بات کرنا ان کے لیے آسان تھا۔

طالبان کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں شامل ایک مغربی سفارت کار نے اس گرفتاری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذریعہ اب عارضی طور پر بند ہو گیا ہے۔

دو اور طالبان رہنما جنھیں ’شیڈو‘ گورنر بھی کہا جاتا ہے اور جو ملا برادر کے ماتحت تھے گرفتار ہو گئے ہیں۔ قندھار میں گزشتہ ماہ سے یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ ملا برادر کی گرفتاری اب دور نہیں ہے کیونکہ ان کی ملا عمر سے کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔

یہ دونوں ایک دوسرے کے بہت قریب تھے۔ طالبان راہنما ملا عمر نے سن دو ہزار ایک میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد ان کو اپنے دو نائبین میں ایک نامزد کیا تھا۔بعد ازاں ملا عمر کے لیے کھل کر کام کرنا ممکن نہیں رہا جس بنا پر ملا برادر طالبان کے ایک اہم فوجی کمانڈر بن گئے۔

اس گرفتاری پر لیفٹیننٹ کرنل ٹونی شیفر نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دو مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل شیفر دو ہزار تین میں افغانستان میں خفیہ ایجنٹ کے طور پر کام کر چکے ہیں اور اب سینٹر آف ایڈوانس ڈیفنس سڈیز واشنگٹن میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

شیفر نے کہا کہ پاکستان نے ایک طرف تو مغرب کو یہ یقین دلا دیا کہ وہ تعاون کرنے پرتیار ہے اور دوسری طرف انھوں نے ایک ایسے شخص کو بھی گرفتار کرا دیا جو ان کے زیر اثر نہیں رہا تھا۔ پاکستان نے ہمیشہ اس بات سے انکار کیا ہے کہ طالبان اس کی سرزمین پر رہ رہے ہیں اور اس کا کہنا ہے کہ طالبان راہنما پاکستان اور افغانستان کی سرحد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آتے جاتے رہتے ہیں۔

بش انتظامیہ کے برخلاف براک اوباما کی ٹیم پاکستان پر کھلے بندوں اور بند کمروں کی ملاقاتوں میں بھی زور ڈالتی رہی ہے کہ طالبان قیادت کے خلاف اقدامات کریں جو اس کے قبائلی علاقوں اور کوئٹہ اور کراچی میں موجود ہیں۔

سن دو ہزار ایک کے بعد سے پاکستان فوج القاعدہ کے خلاف کارروائیاں کرتی رہی ہے اور حال ہی میں اس نے پاکستانی طالبان راہنماوں کے خلاف بھی اقدامات کیے ہیں لیکن اس نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ وہ افغان طالبان اور طاقتور افغان کمانڈروں کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے جو افغانستان میں مزاحمت کر رہے ہیں۔

اسلام آباد نے طالبان کے ساتھ اپنے رشتوں کو ہمیشہ افغانستان میں اپنا ایک اہم اثاثہ سمجھا ہے۔ اب جبکہ افغان حکومت اور نیٹو اتحاد چھوٹے درجے کے طالبان کو معاشرے میں ضم کرنا چاہتے ہیں اور طالبان قیادت سے مذاکرات کر رہے تھے۔ پاکستان کی ترجیح ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ مذاکرات میں اہم کردار ادا کرے۔

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی طالبان کے ساتھ مذاکرات کرانے میں پاکستان کی خدمات پیش کرنے کی بات کر چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ ایک غیر معمولی پریس بریفنگ میں جنرل کیانی نے کہا تھا کہ انھوں نے تمام دروازے کھلے رکھے ہیں۔

تاہم انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا تھا کہ پاکستان کے سکیورٹی مفادات کا خیال رکھا جائے۔ ان سکیورٹی مفادات سے پاکستان کا مطلب ہے کہ وہ ایک دوستانہ افغانستان چاہتا ہے جو اس کے حلقہ اثر میں بھی ہو اور جہاں بھارت کا کوئی بڑا کردار نہ ہو۔

واشنگنٹن کو بھی افغانستان میں پاکستان کے کردار کی اہمیت کا انداز ہو گیا ہے۔ افغانستان اور پاکستان کے بارے میں براک اوباما کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک نے کابل میں بی بی سی فارسی سروس سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی مذاکرات میں کردار ادا کر سکتی ہے اور وہ اس کی حمایت کرتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا تھا کہ پاکستان کا علاقے میں اثر ہے اور جائز سکیورٹی مفادات ہیں۔

آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں بی بی سی کے پروگرام نیوز آور میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکہ اور کرزئی اب ماضی کا قصہ ہیں ، افغانستان کا مستقبل طالبان ہیں‘۔انھوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے لیے یہ انتہائی غیر دانشمدانہ قدم ہو گا کہ مستقبل کے رہنماؤں سے اپنے رابطے اور خیر سگالی کے تعلقات توڑ لے۔

اسلام آباد کا بڑھتا ہوا کردار کابل حکومت کے لیے بے چینی کا باعث ہے۔ صدر کرزائی اور ان کے رفقا نے متعدد بار آئی ایس آئی پر طالبان کے راہنماوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے پر تنقید کی ہے۔صدر کرزئی نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ مفاہمت کا عمل افغانوں کے زیر اثر ہو۔

کابل کی طرف سے ملا برادر کی گرفتاری پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ کچھ عرصے پہلے کابل نے ایک اور طالبان راہنماملا منصور داد اللہ سے بات چیت شروع کی تھی جو کہ ملا عمر سے الگ ہو گئِے تھے۔ ملاداد اللہ کو سن دو ہزار آٹھ میں پاکستان نے پکڑ لیا۔ اس وقت افغان انٹیلی جنس حکام نے اس گرفتاری پر غم اور غصے کا اظہار کیا تھا۔

ہالینڈ کی ایک صحافی بیٹ ڈم نے حامد کرزئی پر اپنی کتاب میں صدر کرزئی اور ملا برادر کے برسوں کے رابطوں پر لکھا ہے۔ یہ دونوں راہنما پوپلزئی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔ملا برادر نے گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد حامد کرزئی کی اس وقت مدد کی تھی جب انھیں جنوبی صوبے ارگان میں طالبان جنگجوں سے خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔

ڈم نے گزشتہ سال دسمبر میں ارزگان کے اپنے دورے کے بعد کہا تھا کہ انھیں بتایا گیا ہے کہ ملا برادر گزشتہ سال کابل گئے تھے۔ارزگان میں افغان ملا برادر کے طالبان تنظیم میں بڑہتے ہوئے اثر و رسوخ اور ان کی آزادانہ رویے کی باتیں کرتے ہیں۔ ملا برادر نے اپنی کمیٹیاں بنا لی تھیں اور وہ زیادہ سے زیادہ اپنے قبائلی روابطوں پر انحصار کرنے لگے تھے۔

سوال یہ ہے کہ ان کی گرفتاری سے طالبان سے مذاکرات اور پاکستان کے کردار پر کیا اثر پڑے گا۔ واشنگٹن نے پاکستان کی طرف سے اس تعاون کا خیر مقدم کیا ہے۔امریکیوں کے لیے یہ کامیابی کافی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ انھوں نے حال ہی میں خوست میں اپنے سات ایجنٹوں کی ہلاکت کا نقصان اٹھایا تھا۔

ملا برادر کی گرفتاری کی تازہ کارروائی کی بہت سے تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ ملا برادر کی گرفتاری کی جو تاریخ نیویارک ٹائمز میں دی گئی ہے اس سے بہت پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس میں امریکی خفیہ ایجنٹوں کا کس حد تک ہاتھ تھا اور کس حد تک ان کی ملا برادر سے کی جانے والی تفتیش کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔

کابل میں ایک مغربی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی اس گرفتاری میں امریکہ اور پاکستان کے تعاون کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔ سابق امریکی انٹیلیجنس آفسر کرنل شیفر کا کہنا ہے کہ اب آئندہ کیا ہوتا ہے وہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اب ہمیں آنے والے دنوں کے واقعات پر نظر رکھنا ہو گی۔‘