میکسیکو: قتل کے شبہے میں قصبے کے تمام پولیس اہلکار گرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP
میکسیکو کے قصبے اوکیمپو میں میئر کے ایک امیدوار کے قتل میں ملوث ہونے کے شبہے میں تمام پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
64 سالہ فرنینڈو اینجلز یوریز کو جمعرات کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
یکم جولائی کو عام انتخابات سے قبل میکسیکو میں 100 سے زائد سیاستدانوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
اینجلز یوریز مغربی ریاست مشوکن میں قتل کیے جانے والے تیسرے سیاستدان ہیں۔
اس قصبے کے 27 پولیس اہلکاروں اور مقامی پبلک سکیورٹی سیکریٹری کو فیڈرل فورسز نے اتوار کی صبح حراست میں لیا۔
اینجلز یوریز ایک کامیاب کاروباری شخصیت تھے اور محدود سیاسی تجربہ رکھتے تھے۔
کچھ عرصہ قبل انھوں نے میکسیکو کے بڑی سیاسی جماعت ڈیموکریٹک ریوولوشن میں شمولیت اختیار کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں!
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کے قتل کے بعد استغاثہ نے اوکیمپو کے پبلک سکیورٹی سیکریٹری اوسکر گونزالیز کارشیا کے اس میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔
سنیچر کو جب میکسیکو کی فیڈرل فورس کے اہلکار انھیں حراست میں لینے کے لیے اس قصبے پہنچے تو مقامی پولیس اہلکاروں نے انھیں روکا تھا۔
وہ واپس چلے گئے اور اتوار کی صبح مزید نفری کے ساتھ آئے اور سیکریٹری سمیت تمام پولیس فورس کو گرفتار کر لیا۔
انھیں ہتھکڑیاں لگائی گئیں اور پوچھ گچھ کے لیے ریاستی دارالحکومت موریلیا لے گئے۔
استغاثہ کا الزام ہے کہ پولیس اہلکاروں اور گونزالیز گارشیا کے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے ساتھ روابط ہیں۔
آئندہ ہفتے میکسیکو میں چیمبر آف دپٹیز کے صدر، سینیٹرز اور ارکان کے لیے انتخابات منعقد ہوں گے۔
جس میں 3000 سے زائد علاقائی اور مقامی سطح کی نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔




















