مصباح الحق ریٹائر نہیں ہو رہے

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سال انگلینڈ کے دورے کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سال متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ سیریز دو صفر سے جیتنے کے بعد مصباح الحق نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق حتمی جواب سے مطلع کر دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے مصباح الحق سے درخواست کی تھی کہ وہ ریٹائر نہ ہوں کیونکہ ابھی پاکستانی ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ مصباح الحق پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ بیس ٹیسٹ میچز جیتنے والے کپتان ہیں۔
مصباح الحق نے اتوار کو یوبی ایل گراؤنڈ میں قائداعظم ٹرافی کے میچ کے موقع پر بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ قائداعظم ٹرافی، بنگلہ دیشی لیگ اور دیگر میچز کھیلنے کا مطلب یہی ہے کہ انھیں آنے والے دنوں میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنی ہے جس کے لیے وہ خود کو فٹ رکھنا چاہتے ہیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ فی الحال ان کے ذہن میں یہی ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنی ہے ۔اس سیریز میں ابھی بہت وقت باقی ہے لیکن ذہنی اور جسمانی طور پر اس سیریز کے لیے وہ خود کو تیار رکھ رہے ہیں۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے دورے کی اہمیت کے پیش نظر وہ چاہتے ہیں کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں ۔اگرچہ اس میں ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے لیکن وہ کوشش کر رہے ہیں کہ دورے سے قبل انھیں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا موقع مل جائے تاکہ انگلش کنڈیشنز میں کھیلنے کا انھیں تجربہ حاصل ہوسکے کیونکہ وہ انگلینڈ میں ابھی تک نہیں کھیلے ہیں۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے ابھی تک اپنی زیادہ تر کرکٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلی ہے لیکن اس سال انگلینڈ اور آسٹریلیا کے دورے کی شکل میں ایک زبردست چیلنج موجود ہے کہ وہ ان سیریز میں کس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ دو ہزار پندرہ ٹیسٹ کرکٹ کے لحاظ سے پاکستان کے لیے اچھا سال رہا تاہم ون ڈے میں ٹیم زیادہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ کلب کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں پچاس اوورز کے ٹورنامنٹس کم سے کم ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں نے لے لی ہے۔ ضروری ہے کہ ون ڈے ٹورنامنٹس بھی اتنے ہی ہوں جتنے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس ہوتے ہیں تاکہ کھلاڑی اس طرز کی کرکٹ کے لیے بھی خود کو تیار کر سکیں۔















