بھارتی کھلاڑی پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ

،تصویر کا ذریعہGetty
بھارت اور انگلینڈ کے مابین جاری ٹیسٹ سیریز میں بھارتی کھلاڑی روندر جدیجا پر انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 25 سالہ جدیجا کو ’کھیل کا ماحول خراب کرنے‘ پر یہ سزا سنائی گئی، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں اور اس کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔
جیمز اینڈرسن اور جدیجا کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ میں اس وقت گرما گرمی ہوئی جب دونوں کھلاڑی میدان سے واپس ڈریسنگ روم کی طرف جا رہے تھے۔
جدیجا کے مطابق اینڈرسن نے انھیں دھکا دیا اور گالیاں دیں جبکہ اینڈرسن کا موقف ہے کہ جدیجا ان کی طرف خطرناک انداز میں بڑھے تھے۔
اس واقعے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے جیمز اینڈرسن کے خلاف آئی سی سی کے نظم و ضبط کے قواعد کے تحت تیسرے درجے کی شکایت کا اندراج کیا۔ جس پر جواباً انگلش کرکٹ بورڈ نے جدیجا کے خلاف دوسرے درجے کی شکایت درج کروائی۔
تاہم جدیجا کے کیس کا فیصلہ کرنے والے سابق آسٹریلوی کھلاڑی اور میچ ریفری ڈیوڈ بون نے انگلش کرکٹ بورڈ کی دوسرے درجے کی شکایت کو رد کرتے ہوئے جدیجا کو صرف پہلے درجے کی سزا دی۔
بون کے مطابق جدیجا نے میچ کا ماحول ضرور خراب کیا اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، تاہم ان کا کیس دوسرے درجے کے قواعد و ضوابط کے تحت نہیں آتا۔
انھوں نے کہا: ’میں نے پورے کیس کو بغور سنا ہے اور میں اس بات سے پوری طرح مطمئن ہوں کہ ان کا رویہ صرف پہلے درجے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔‘
دوسری طرف انگلش کھلاڑی جیمز اینڈرسن کے کیس کی سماعت یکم اگست کو ہوگی۔
اینڈرسن کو تیسرے درجے کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی شکایت کا سامنا ہے اور اگر ان کے خلاف یہ بات ثابت ہو جاتی ہے تو ان پر دو سے چار ٹیسٹ میچ کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
اینڈرسن کا کیس ویڈیو کانفرنس کے تحت آئی سی سی کے جوڈیشل کمشنر گورڈن لیوس سنیں گے جس کا فیصلہ 48 گھنٹوں کے اندر سنایا جائے گا۔















