’عالمی کپ میں ریفریئنگ کا معیار بلند کرنے کی ضرورت ہے‘

’2010 کے عالمی کپ میں انگلینڈ کی ٹیم فرینک لیمپارڈ کا جرمنی کے خلاف گول نہ دیے جانے کے نتیجے میں باہر ہوگئی تھی‘
،تصویر کا کیپشن’2010 کے عالمی کپ میں انگلینڈ کی ٹیم فرینک لیمپارڈ کا جرمنی کے خلاف گول نہ دیے جانے کے نتیجے میں باہر ہوگئی تھی‘
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستان کے سابق انٹرنیشنل فٹبالر اورنگزیب شاہ میر کا کہنا ہے کہ عالمی کپ میں گول لائن ٹیکنالوجی سے تنازعات ختم کرنے میں مدد ملی ہے تاہم فیفا کو ریفریئنگ کا معیار بلند کرنے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

بین الاقوامی فٹبال پر گہری نظر رکھنے والے اورنگزیب شاہ میر کا بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہنا ہے کہ موجودہ عالمی کپ میں گول لائن ٹیکنالوجی کا استعمال فیفا کا بروقت اقدام ہے۔

’2010کے عالمی کپ میں انگلینڈ کی ٹیم فرینک لیمپارڈ کا جرمنی کے خلاف گول نہ دیے جانے کے نتیجے میں باہر ہوگئی تھی۔ اگر اس وقت گول لائن ٹیکنالوجی ہوتی تو وہ یقینی گول تھا جو ریفری نے نہیں دیا تھا۔ 1966کے عالمی کپ میں پرتگال اور انگلینڈ کے میچ میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا لہٰذا اس عالمی کپ میں اس ٹیکنالوجی سے بڑی مدد ملی ہے اور اسے جاری رہنا چاہیے۔‘

اورنگزیب شاہ میر کا کہنا ہے کہ اس عالمی کپ میں ریفریئنگ کامعیار یکساں نہیں لیکن اسے جانبدارانہ نہیں کہا جاسکتا۔

’بعض میچوں میں ریفری صورتحال کو صحیح طور پر ہینڈل کرنے میں ناکام رہے ہیں کچھ فیصلے بھی درست نہیں دیےگئے لیکن ذاتی طور پر میں یہ بات نہیں مان سکتا کہ ریفری بڑی ٹیموں کے معاملے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔‘

اورنگزیب شاہ میر کا کہنا ہے کہ فیفا کو ریفریریوں کی تربیت میں مزید بہتری لانی ہوگی تاکہ درست فیصلوں کے تناسب میں اضافہ ہوسکے۔

’ فیفا کی سب سے بڑی مجبوری یہ ہے کہ اسے ریفریئنگ میں اپنے ہر رکن ملک کو نمائندگی دینی پڑتی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ عالمی کپ میں کوالیفائنگ مقابلوں سے فائنل مرحلے تک دو سو ممالک حصہ لیتے ہیں چنانچہ عالمی مقابلے میں آپ کو ہر ملک کا ریفری نظر آئے گا اور ظاہر ہے کہ ان میں سے کئی ممالک ایسے بھی ہیں جہاں ریفریئنگ کا معیار انگلینڈ اسپین اور اٹلی جیسا نہیں جہاں ہونے والی لیگ میں ان کے اپنے ریفری ہوتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ جب کوئی غلط فیصلہ سامنے آتا ہے تو ہر کوئی اس کاموازنہ پریمیئر لیگ یا دوسری لیگ کی ریفریئنگ سے کرنا شروع کردیتا ہے۔‘

اورنگزیب شاہ میر کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ صحیح معنوں میں ناک آؤٹ مرحلے سے شروع ہوتا ہے کیونکہ یہ ایک سخت ترین مرحلہ ہوتا ہے جس میں پہلی ہی غلطی آخری ثابت ہوتی ہے ۔

’ارجنٹائن کے لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ لیونل میسی بھرپور فارم میں ہیں اسی طرح نیمار کا فارم میں ہونا بھی برازیل کے حوصلے بلند کیے ہوئے ہے لیکن چلی نے بھی اس ورلڈ کپ میں بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ نائیجیریا اس وقت جس طرح کھیل رہی ہے فرانس کے لیے یہ ایک کڑی آزمائش ہوگی۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اس پری کوارٹرفائنل کا سب سے سخت اور دلچسپ میچ ہالینڈ اور میکسیکو کے درمیان متوقع ہے کیونکہ میکسیکو نے برازیل سے میچ ڈرا کیا تھا جبکہ ہالینڈ کی ٹیم اپنے کوچ فان ہال کے وسیع تجربے اور ان کی پلاننگ کے مطابق کھیل رہی ہے، حالانکہ اس کے پاس صرف تین ہی تجربہ کار کھلاڑی پرسی، رابن اور شنائڈر موجود ہیں لیکن اس کے باوجود اس نے سپین جیسی ٹیم کو زیر کیا اور پھر اگلےمیچوں میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔‘