
ارجنٹینا کے کھلاڑی لیونل میسی چار بار پلیئر آف دی ایئر رہ چکے ہیں
فٹبال کے معروف کھلاڑی لیونل میسی نے لا لیگا ٹورنامنٹ کے اپنے مسلسل سترہویں میچ میں گول کرکے ’نیا ریکارڈ‘ قائم کیا ہے۔
ان کے کلب بارسلونا نے کہا ہے کہ انھوں نے انیس سو تیس کی دہائی سے قائم کردہ ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔
ارجنٹینا کے فٹبالر پچیس سالہ میسی نے اپنے کلب بارکا کی جانب سے ڈیپورٹیو لا کورونا کے خلاف 88 ویں منٹ میں گول کرکے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس میں ان کی ٹیم بارکا دو صفر سے کامیاب رہی۔
عالی سطح پر پلیئر آف دی ایئر میسی نے اپنے سترہویں میچ میں ستائیسواں گول کیا۔
بارکا نے کہا کہ اس سے قبل 38-1937 کے دوران پول ٹیوڈور پیوٹیرک نے کلب رچ چورزو کی جانب سے مسلسل سولہ میچوں میں گول کرکے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
سپین کے کلب بارکا نے اپنی ویب سائٹ پر دعوی کیا ہے کہ ’ارجنٹینا کے کھلاڑی (میسی) کے گول فٹ بال کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ یہ ایسا کارنامہ ہے جو کسی نے اس سے قبل انجام نہیں دیا ہے۔‘
بارسلونا کی جانب سے کیے گئے اس دعوے کی تصدیق فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا سے نہیں کی جا سکی ہے۔
واضح رہے کہ اس سال سیزن میں میسی نے اب تک 52 گول کیے ہیں جن میں چیمپیئنز لیگ کے پانچ گول بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل دسمبر میں میسی نے ایک اور ریکارڈ قائم کیا تھا جب انھوں نے کسی ایک سال میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ توڑا تھا۔
انھوں نے اس کے لیے جرمنی کے مولر کا 1972 میں قائم کردہ 85 گول کا ریکارڈ توڑا تھا۔






























