
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذ کا اشرف کا کہنا ہے کہ دوبار رضامندی ظاہر کرنے کے باوجود ٹیم پاکستان نہ بھیج کر بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ کھو بیٹھےگا لہذا اسے وعدے کے مطابق پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے۔
ذکا اشرف نے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر وہ چاہتے تو آئی سی سی کی نائب صدارت کے لئے مصطفی کمال کی حمایت سے دستبرداری اختیار کرسکتے تھے۔ آئی سی سی نے بھی ان سے اس بارے میں پوچھا تھا لیکن ان کا جواب تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار ہاں کر دی ہے لہذا وہ اپنی کہی ہوئی بات پر قائم رہے گا چاہے بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان آئے یا نہیں؟۔
اس سوال پر کہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پہلے مصطفی کمال کی نامزدگی اور پھر بنگلہ دیشی پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
ذکا اشرف نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ان کے دل میں کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نیت صاف ہے۔اگر بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ سمجھتا ہے کہ وہ اس طرح کوئی فائدہ حاصل کرسکتا ہے تو اسے فائدہ نہیں ہوگا بلکہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر یوٹرن لینا چالاکی نہیں ہوتی بلکہ اس سے امیج خراب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ روابط شروع کرنا بھی ان کی ترجیحات میں شامل رہا ہے لیکن انہیں اندازہ ہے کہ بنگلہ دیش میں کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ ان کی ٹیم پاکستان سے کھیلے اور دونوں ممالک کرکٹ میں قریب آئیں۔
ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔بنگلہ دیش کی اپنی سکیورٹی ٹیم یہاں آکر انتظامات دیکھ کر گئی تھی اور اس نے سکیورٹی پر اطمینان ظاہر کیا تھا۔
ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بنگلہ دیشی پریمئر لیگ میں کھیلنے کی ابھی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کی دیگر بین الاقوامی مصروفیات کاجائزہ لے کر یہ فیصلہ کرے گا کہ پاکستانی کرکٹرز بی پی ایل کھیلیں یا نہیں۔






























