
جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے کیون پیٹرسن کو اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف پیغامات بھیجنے پر ٹیم سے نکال دیا گیا تھا
انگلش سلیکٹروں نے ممتاز بیٹسمین کیون پیٹرسن کو دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا ہے اور اب وہ بھارت میں انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔
کیون پیٹرسن نے ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور، ٹیسٹ کپتان ایلسٹر کک اور دیگر سینیئر کھلاڑیوں سے ملاقات کی تھی جس کے بعد انہیں سکواڈ میں شامل کیا گیا۔
انگینڈ کرکٹ ٹیم کے مینیجر ہوگ مورس کے مطابق کیون پیٹرسن سے ہونے والی ملاقاتیں مثبت اور خوشگوار ماحول میں ہوئیں اور تصفیہ طلب مسائل کو حل کر لیا گیا ہے۔
پیٹرسن حال ہی میں کرکٹ بورڈ کی جانب سے دیے جانے والے کنٹریکٹ پر رضامند ہوئے ہیں اور انہیں اگست میں موسم گرما کے سیزن کے دوران ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
کیون پیٹرسن کو اشتعال انگیز پیغامات بھیجنے پر کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینڈریو سٹراس سے معافی مانگنی پڑی تھی، یہ پیغامات انہوں نےجنوبی افریقہ کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم اور بالخصوص کپتان اینڈریو سٹراس کے بارے میں اشتعال انگیز ٹیکسٹ پیغامات بھیجے تھے اور اس کے بعد انہیں ٹیم سے نکال دیا تھا۔
تاہم بعد میں انگلش کرکٹ بورڈ نے قبول کیا تھا کہ پیغامات مذمتی نہیں تھے اور کیون پیٹرسن کو چار ماہ کا کنٹریکٹ دیا گیا۔
آکسفورڈ میں رواں ہفتے کے شروع میں کامیاب ملاقاتوں کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ باصلاحیت بلے باز کو قومی ٹیم میں خوش آمدید کہنے پر تیار ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم نومبر دسمبر کے مہینے میں اپنے دورہ بھارت کے دوران چار ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
بتیس سالہ کیون پیٹرسن انگلینڈ کی جانب سے اٹھاسی ٹیسٹ میچوں میں انچاس اعشاریہ چار آٹھ کی اوسط سے اکیس سنچریوں اور ستائیس نصف سنچریوں کی بدولت سات ہزار چھہتر رنز بنا چکے ہیں۔
پیٹرسن نے ایک سو ستائیس ایک روزہ میچوں میں اکتالیس اعشاریہ آٹھ چار کی اوسط سے نو سنچریوں اور تئیس نصف سنچریوں کی مدد سے چار ہزار ایک سو چوراسی جبکہ چھتیس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سینتیس اعشاریہ نو تین کی اوسط سے سات نصف سنچریوں کی مدد سے ایک ہزار ایک سو چھہتر رنز بنائے ہیں۔






























