مانچسٹر سٹی پریمیئر لیگ کی فاتح

،تصویر کا ذریعہPA
انگلش پریمیئر لیگ میں برطانوی کلب مانچسٹر سٹی ایک ڈرامائی انداز میں کوئنز رینجرز پارک کو تین دو سے شکست دے کر لیگ چیمپیئن بن گیا۔
میچ کے اختتام سے پانچ منٹ پہلے دو ایک سے شکست کا سامنا کرنے والے مانچسٹر سٹی کلب نے فیصلہ کن تیسرا گول میچ ختم ہونے سے چند سیکنڈ پہلے کیا۔
لیگ میں مانچسٹر سٹی کو مانچسٹر یونائٹیڈ پر گول کی برتری حاصل ہونے پر لیگ کا چیمپیئن قرار دیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے شہر مانچسٹر کا مانچسٹر سٹی کلب چوالیس سال کے بعد دوبارہ انگلش پریمیئر لیگ کا چیمپیئن بنا ہے۔
اتوار کو انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں کھیلے گئے لیگ کے اس آخری میچ میں مانچسٹر سٹی نے میچ کے اضافی وقت یا پانچ منٹ کے انجری ٹائم میں دو گول کر کے سنسی خیز فتح حاصل کی یا دوسرے الفاظ میں کوئنز رینجرز پارک سے فتح چھین لی۔
میچ کے مقررہ وقت کے اختتام پر کوئنز رینجرز پارک کو دو ایک سے برتری حاصل تھی اور کلب کے مداح جہاں جشن منا رہے تھے وہیں مانچسٹر سٹی کے مداح آبدیدہ حالت میں سٹیڈیم سے جانا شروع ہو گئے تھے۔
میچ کے اضافی پانچ منٹ کے پہلے چند سیکنڈز میں ہی مانچسٹر سٹی کے ایڈن ڈزیکو نے گول کر کے سکور برابر کر دیا اور اضافی وقت کے ختم ہونے سے چند سیکنڈز پہلے سرجیئو اگیریو نے تیسرا گول کر کے میچ کا پانسہ بدل دیا۔
پریمیئر لیگ کی تاریخ میں اس میچ کے حتمی نتائج کو سب سے ڈرمائی قرار دیا جا رہا ہے۔















