میسی دنیا کے بہترین فٹ بالر

فیفا نے ارجنٹینا اور بارسلونا کے سٹار فٹ بال کھلاڑی لائنل میسی کو سال دو ہزار دس کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورچ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں لائنل میسی کو فیفا کا پہلا بیلون ڈی اؤر ایوارڈ دیا گیا۔
<link type="page"><caption> فیفا کے عالمی ایوارڈز: تصاویر میں</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2011/01/110111_fifa_awards_pics_zs.shtml" platform="highweb"/></link>
میسی پہلے کھلاڑی ہیں جنھیں فیفا کے بیلون ڈی اؤر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
واضح ہے کہ فیفا نے پہلی بار سال کے بہترین فٹبالر کا اعزاز اور بیلون ڈی اؤر( یورپی فٹبالر آف دی ایئر سے منسوب) کے اعزاز کو یکجا کیا ہے اور مستقبل میں سال کے بہترین کھلاڑی کو اسی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
میسی نے گزشتہ سال بھی یورپی فٹبالر آف دی ایئر کا اعزاز اور فیفا کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا تھا۔
ایوارڈ جیتنے کے بعد میسی نے کہا کہ ’وہ جیت پر حیران ہیں لیکن اپنے دوستوں کے ساتھ یہاں موجود ہونے پر خوش ہیں‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’ایوارڈ جیتنے پر وہ خود کو پہلے سے زیادہ خاص محسوس کر رہے ہیں اور وہ اس میں اپنے تمام دوستوں، اپنے خاندان، ارجنٹائن اور بارسلونا کے تمام شہریوں کو شریک کرتے ہیں۔‘
میسی نے سال دو ہزار دس میں ارجنٹینا اور بارسلونا کلب کے لیے ساٹھ گول کیے تھے اور انھیں اپنی نسل میں سب سے باصلاحیت فٹبالر تصویر کیا جاتا ہے۔

اس سے پہلے مسلسل دو بار بیلون ڈی اؤر کا ایوارڈ ہالینڈ کے سٹرائیکر مارکو وین باسٹن نے سال انیس سو اٹھاسی اور انیس سو نواسی میں جیتا تھا۔
جبکہ فیفا کے پلیئر آف ایئر کا مسلسل دو بار ایوارڈ رونالڈینو نے سال دو ہزار چار اور پانچ میں جیتا تھا۔
فیفا کی تقریب میں دو ہزار دس میں اطالوی فٹبال کلب انٹر میلان کے کوچ جوز مورینیو کو سال کے بہترین کوچ کا اعزاز دیا گیا۔
اس کے علاوہ ترکی کے ہامِت الٹینٹاپ کو سال کا بہترین گول کرنے پر پوسکاس ایوارڈ دیا گیا ہے۔
خواتین کے فٹبال میں برازیل کی سٹرائیکر مارٹا کو سال دو ہزار دس کی بہترین فٹبالر کا ایوارڈ دیا گیا۔انھوں نے مسلسل پانچویں بار پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ سپین کے انیسٹا کو پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ ملے گا۔ انیسٹا نے سال دو ہزار دس کے عالمی فٹبال کپ کے فائنل کا واحد گول کیا تھا۔















