ایشیا کپ، بھارت نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردوڈاٹ کام، دمبولا
  • وقت اشاعت

گمبھیر اور سہواگ نے میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور وریندر سہواگ کی بولنگ میں عمدہ کارکردگی اور گوتم گمبھیر کی نصف سنچری کی بدولت بھارت نے بنگلہ دیش کو ایشیا کپ میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

تماشائیوں سے خالی رانگیری سٹیڈیم میں بنگلہ دیشی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف ایک سو سڑسٹھ رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

سہواگ نے کریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے دو اعشاریہ پانچ اوورز میں صرف چھ رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت نے مطلوبہ سکور اکتیسویں اوور میں پورا کر لیا۔

ایک بڑے سکور کے لیے بنگلہ دیش کی تمام تر امیدیں تمیم اقبال سے وابستہ تھیں لیکن وہ دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بائیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد بھارتی بولنگ نے کسی دوسرے بیٹسمین کو سراٹھانے کا موقع نہیں دیا۔

امرل کائس سنتیس رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔ مشفق الرحیم نے تیس رنز بنائے اور بنگلہ دیش کی آخری پانچ وکٹیں صرف سات رنز کے اضافے پر گریں۔

وریندر سہواگ کی چار وکٹوں کے علاوہ اشیش نہرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پراوین کمار، جدیجا، ہربھجن سنگھ اور روہیت شرما نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گوتم گمبھیر
،تصویر کا کیپشنگوتم گمبھیر نے بیسویں ون ڈے نصف سنچری مکمل کی۔

بھارتی اننگزمیں سہواگ اور کوہلی گیارہ گیارہ رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ روہیت شرما کوئی رن نہ بناسکے۔

گوتم گمبھیر نے بیسویں ون ڈے نصف سنچری مکمل کی۔ وہ چھ چوکوں کی مدد سےبیاسی رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ چھہتر رنز کا اضافہ کیا۔

دھونی نےاڑتیس رنز ناٹ آؤٹ بنائے جس میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

میچ کے بعد صحافیوں کے روبرو گوتم گمبھیر کا کہنا ہے کہ کچھ ہفتے کے آرام کے بعد جب وہ واپس انٹرنیشنل کرکٹ میں آئے ہیں تو ان کا ذہن حال اور مستقبل کی طرف ہے۔ گئے دنوں میں جو کچھ ہوا وہ اسے بھول چکے ہیں۔ وہ تازہ دم ہیں اور چاہتے ہیں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے فوراً بعد کھیلتے رہتے تو مشکل رہتا کیونکہ اسے ذہن سے نکالنا ضروری تھا۔ ’جن تمام کھلاڑیوں نے کچھ عرصے آرام کیا انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اچھی کارکردگی دکھائی۔‘

گوتم گمبھیر نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کی فارم کو ٹی ٹوئنٹی سے نہیں جانچا جاسکتا۔ حالیہ دنوں میں یہی کہا جارہا تھا کہ سینئر کھلاڑی فارم میں نہیں ہیں حالانکہ سب زیادہ تر ٹوئنٹی ٹوئنٹی کھیل رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کسی سے پوچھیں وہ یوراج سنگھ کی کمی محسوس کرے گا لیکن ابھی چونکہ وہ ٹیم میں نہیں ہیں لہٰذا دوسرے بیٹسمینوں کو ذمہ داری سے کھیلنا ہوگا۔

گوتم گمبھیر نے اپنے اوپننگ پارٹنر سہواگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کھیلنے میں انہیں ہمیشہ مزا آتا ہے اور سہواگ نے ہمیشہ ان کی بھرپورحوصلہ افزائی اور رہنمائی کی ہے۔

اس سوال پر کہ آپ کی بیاسی رنز کی اننگز دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں کوئی بھی نہیں تھا ، گوتم گمبھیر نے کہاکہ انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ انہیں اس بات کی خوشی ہوتی ہے کہ وہ بھارت کےلئے کھیلیں اور میچ جیتیں۔