تازہ ترین سکور اور گروپ ٹیبلز کے لیے آپ کے پاس جاواسکرپٹ ہونا چاہیئے
جنوبی افریقہ میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ دو ہزار دس کے گروپ جی کے دوسرے اور پندرہ جون کو ہونے والے تیسرے میچ میں برازیل نے شمالی کوریا کے خلاف دو کر کے میچ دو ایک سے جت لیا ہے۔ شمالی کوریا نے کھیل کے آخر میں ایک گول کیا۔
برازیل کی طر ف سے پہلا گول کھیل کے دوسرے ہاف کے 55 ویں منٹ میں مائیکون نے کیا جبکہ دوسرا گول 72 ویں منٹ میں ایلانو نے ایک خوبصورت پاس پر کیا۔
کلِک کلِک فٹبال ورلڈ کپ سنہ دو ہزار دس پر خصوصی ضمیمہ
شمالی کوریا کی طرف سے یون نام نے کھیل کے 88 ویں منٹ میں ایک نہایت عمدہ گول کر کے برازیل کی دو گول کی برتری کو کم کر دیا۔
یہ میچ جوہانسبرگ کے ایلیز پارک سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
شمالی کوریا نے بھی میچ میں کوئی بری کارکردگی نہیں دکھائی اور برازیل کے سبھی کھلاڑیوں کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔ خصوصاً برازیل کے سٹار کھلاڑی کاکا شمالی کوریا کے دفاع کو توڑنے میں ناکام رہے۔
برازیل کے کوچ ڈنگا نے میچ کے لیے اپنی سب سے فٹ ٹیم کا انتخاب کیا تھا۔
برازیل فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں پانچ مرتبہ یہ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکا ہے جبکہ شمالی کوریا فٹبال کے کھیل کے حوالے سے ایک غیر معروف ملک ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِمقابل کھیل رہی ہیں۔
شمالی کوریا نے انیس سو چھیاسٹھ کے بعد پہلی مرتبہ فٹبال کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
انیس سو چھیاسٹھ کے عالمی کپ میں شمالی کوریا نے اٹلی جیسی بڑی ٹیم کو ہرا کر دنیا کو حیرت میں ڈال دیا تھا اور اس برس وہ کواٹر فائنل کے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ان مقابلوں میں ان کے لیے مختص کردہ سترہ ہزار ٹکٹوں میں سے صرف دو سو ٹکٹ خریدے ہیں۔
عالمی کپ مقابلوں میں کھیلے جانے والے دوسرے میچوں میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ سلواکیا اور آئیوری کوسٹ کا مقابلہ پرتگال سے ہو رہا ہے۔
برازیل کا عالمی کپ میں اب تک کا ریکارڈ بڑا شاندار رہا ہے۔ برازیل عالمی کپ پانچ مرتبہ جیتنے کے علاوہ اب تک ہونے والے ہر عالمی کپ میں شرکت کرنے کا اعزاز بھی رکھتا ہے جو کسی اور ملک کو حاصل نہیں ہے۔
برازیل نے پہلی مرتبہ انیس سو اٹھاون میں سویڈن میں عالمی کپ جیتا تھا۔ اس کے چار سال بعد انیس سو باسٹھ میں چلی میں کھیلے گئے عالمی کپ میں اس نے اپنے اس اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ میکسیکو میں انیس سو ستر میں کھیل گئے عالمی کپ میں برازیل نے تیسری مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں کامیابی حاصل کی۔ اس ورلڈ میں برازیل کی طرف سے فٹبال کے شہرہ آفاق کھلاڑی پیلے کھیل رہے تھے۔
چوتھی مرتبہ انیس سو چورانوے میں امریکہ میں کھیلے گئے عالمی کپ میں پنلٹی شوٹ آؤٹ میں برازیل نے اٹلی کو شکست دے کر عالمی کپ اٹھایا۔ پانچویں مرتبہ سنہ دو ہزار دو میں جاپان اور کوریا میں منعقدہ ورلڈ کپ کے فائنل مقابلے میں برازیل نے جرمنی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر عالمی کپ جیتا۔ اس میچ میں برازیل کی طرف سے دونوں گول رونالڈو نے کیے تھے۔
دوہزار چھ میں برازیل کواٹر فائنل میں اپنا میچ فرانس سے ہار گیا تھا۔
موجودہ عالمی کپ مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں برازیل کی کارکردگی کوئی خاص نہیں رہی اور اپنے چھ میچوں میں سے صرف دو میں کامیابی حاصل کر سکا۔ ان میں ایک میچ میں برازیل نے اپنے روایتی حریف ارجنٹینا کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے ہرا دیا تھا۔ یہ چودہ برس میں ارجنٹینا کے خلاف کسی دوسرے ملک میں برازیل کی پہلی کامیابی تھی۔
گزشتہ عالمی کپ مقابلوں کی طرح اس مرتبہ بھی برازیل کی ٹیم میں چند بڑے کھلاڑی شامل ہیں جن میں کاکا کا نام سرفہرست ہے۔
BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے
اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔