اذلان شاہ: پاکستان کی پانچویں پوزیشن

وقت اشاعت

ملائیشیا میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے چین کو سڈن ڈیتھ پنلٹی سٹروکس پر پانچ کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

ایپوہ میں کھیلے گئے اس میچ میں مقررہ اور اضافی وقت میں میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جس پر پنلٹی سٹروکس لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ابتدائی پانچ سٹروکس پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گول کیے جس پر سڈن ڈیتھ مرحلہ شروع ہوا۔

اس مرحلے میں پاکستان اور چین دونوں نے اپنا پہلا سٹروک ضائع کیا تاہم دوسرے سٹروک پر شفقت رسول نے گول کیا جبکہ چینی کھلاڑی کی گیند گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آ گئی اور یوں پاکستان یہ میچ جیت گیا۔

اس سے قبل مقررہ وقت کے دوران چین نے پہلے ہاف کے چوبیسویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کی جو پہلے ہاف کے اختتام تک قائم رہی۔

دوسرے ہاف میں پاکستان نے گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کیے تاہم کھیل کے تنیتالیسویں منٹ میں شفقت رسول نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے میچ برابر کیا۔

خیال رہے کہ گروپ میچ میں پاکستان نے چین کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی تھی۔

ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو ہی جنوبی کوریا اور بھارت کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے میزبان ملائیشین اور آسٹریلوی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔