’اعلیٰ پائے کا کوچ پاکستان میں نہیں‘

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستان ہاکی فیڈریشن آئندہ چند روز میں قومی ہاکی ٹیم کے کوچ کا تقرر کرنے والی ہے تاہم اسے اس بات کا بھی احساس ہے کہ غیرملکی کوچز سکیورٹی کے خدشات کے سبب پاکستان آنے میں تذبذب کا شکار ہیں۔

ہاک کھلاڑی
،تصویر کا کیپشنآصف باجوہ نے کہا کہ ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد صف اول کے کوچ کا حصول پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں تسلیم کیا کہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے پال لیزک سے بات چیت ہوچکی ہے جبکہ آسٹریلیا اور ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے چند نام بھی زیرغور رہے ہیں لیکن ان تینوں ملکوں کی ٹریولنگ ایڈوائس میں سکیورٹی کے خدشات موجود ہیں۔

آصف باجوہ نے کہا کہ ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد صف اول کے کوچ کا حصول پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے لیکن اس ضمن میں وہ کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں اس بارے میں وہ کوئی بات حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کوششیں بہرحال جاری ہیں۔

آصف باجوہ نے یہ بھی کہا کہ غیرملکی کوچ کی تقرری میں یہ نکتہ بھی پیش نظر ہے کہ ان کا پلان اور پروگرام پاکستانی ہاکی سے مطابقت رکھتا ہے یا نہیں؟

پی ایچ ایف کے سیکریٹری نے کہا کہ صف اول کا کھلاڑی صف اول کا کوچ نہیں ہوسکتا۔اس وقت پاکستانی ہاکی ٹیم کو بھی اعلیٰ پائے کے کوچ کی ضرورت ہے جو پاکستانی ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس لاسکے اور ابھی ایسا کوچ پاکستان میں دستیاب نہیں ہے۔

غیرملکی کوچ کے حصول میں ناکامی کی صورت میں پاکستان ہاکی فیڈریشن وقتی طور پر کسی ملکی کوچ کو یہ ذمہ داری سونپ سکتی ہے اس بارے میں آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ سابق اولمپئنز میں سے کوئی بھی چاہے وہ اپنا پلان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سامنے پیش کرسکتا ہے۔

سینئر کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی آخری پوزیشن کے باوجود برقرار رکھنے کے بارے میں سوال پر آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ اٹھارہ کھلاڑیوں کو تبدیل کردینا کسی طور بھی عقل مندی نہیں ہے۔ایک دوسال میں یقیناً نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جنہیں ان سینئر کھلاڑیوں سے تبدیل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں براہ راست کھیلنے کے لیے ایشین گیمز جیتنا ضروری ہے اگر یہ سینئر کھلاڑی ایشین گیمز تک چل سکتے ہیں تو رہیں اور اگر نہیں تو سلیکشن کمیٹی آزاد ہے کہ ان کی جگہ کسی دوسرے کو سلیکٹ کرے۔اس کا انحصار فٹنس اور کارکردگی پر ہوگا۔

آصف باجوہ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے سال 2002 کے بعد سے یورپ کا دورہ کرکے وہاں کسی بڑی ٹیم سے میچز ہی نہیں کھیلے۔ تین سال سے وہ چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیلی ہے ظاہر ہے ان حالات میں آپ کس طرح بڑی ٹیموں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جولائی میں پاکستانی ٹیم اسپین کا دورہ کرے گی جس کے فوراً بعد ہالینڈ اور جرمنی کے دورے کا بھی امکان ہے۔