فرانس نے عالمی کپ میں جگہ بنا لی

فرانس نے جس میدان میں کھیلتے ہوئے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا اسی میدان میں فرانس نے سن انیس سو اٹھانوے کا عالمی کپ جیتا تھا
،تصویر کا کیپشنفرانس نے جس میدان میں کھیلتے ہوئے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا اسی میدان میں فرانس نے سن انیس سو اٹھانوے کا عالمی کپ جیتا تھا
وقت اشاعت

فرانس کی ٹیم نے جمہوریہ آئرلینڈ کو ہرا کر سن دو ہزار دس میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے عالمی کپ مقابلوں میں جگہ بنا لی۔

بدھ کی رات کو پیرس میں ہونے والے میچ میں فرانس اور جمہوریہ آئرلینڈ نے ایک ایک گول کیا لیکن دو ایک کی مجموعی برتری کی بنیاد پر فرانس میچ جیت گیا کیونکہ پہلے مرحلے میں ہونے والے مقابلے میں فرانس کو ایک صفر سے برتری حاصل تھی۔

بدھ کی رات ہونے والے میچ میں پہلے جمہوریہ آئرلینڈ نے برتری حاصل کی جب اس کے کپتان روبی کین نے میچ کے تینتیسویں منٹ میں گول کیا۔

لیکن اضافی وقت میں فرانس کے ولیم گیلاس نے تیئیری اونری کے پاس پر ایک متنازع گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

جمہوریہ آئرلینڈ نے فرانس کے گول پر احتجاج کیا اور کہا کہ بال ولیم گیلاس تک پہنچنے سے پہلے اونری کے ہاتھ سے چُھو چکا ہے۔

فرانس نے جس میدان میں کھیلتے ہوئے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا اسی میدان میں فرانس نے سن انیس سو اٹھانوے کا عالمی کپ جیتا تھا۔

جمہوریہ آئرلینڈ نے میچ کے تینتیسوں منٹ میں کیون کِلبین، ڈیمیئن ڈف اور کپتان روبی کین میں مشترکہ کاوش سے گول کر برتری حاصل کر لی۔

بعد میں میچ کے اضافی وقت میں گول کر کے فرانس نے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

بدھ کو ہی کھیلے جانے والے دیگر میچوں کے بعد فرانس کے علاوہ پرتگال، سلووینیا، یونان اور الجزائر نے بھی جنوبی افریقہ میں ہونے والے عالمی کپ مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔