’سب سے خطرناک ریس‘

بین الاقوامی طور پر معروف کشتیوں کی رولکس فاسٹ نیٹ 2009 ریس اتوار سے شروع ہورہی ہے۔ اس سال کشتی رانی کے ان مقابلوں کے دوران ہونے والے بدترین واقعہ کے بھی 30 برس مکمل ہو رہے ہیں۔
تین سو میل کی ریس پر مبنی کشتی رانی کے یہ مقابلے 1925 میں شروع کیے گئے تھے جبکہ اب سے تیس برس قبل 1979 کے مقابلوں میں بارہ سے زائد کشتی ران ہلاک ہوگئے تھے۔
بی بی سی کے نامہ نگار جوناتھن مارکس پہلی مرتبہ اس ریس میں حصہ لے رہے ہیں۔ جوناتھن مارکس کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ’لینڈز اینڈ‘ اور آئر لینڈ کے جنوب مغربی ساحل کے درمیان وہ مقام ہے جو ’فاسٹ نیٹ راک‘ کہلاتا ہے۔ یہاں 300 میل کھلے سمندر میں یہ مقابلے ہوں گے جہاں بحر اوقیانوس اپنے پورے زور و شور کے ساتھ ہمارا منتظر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا کا خطرناک ترین مقابلہ کہا جاتا ہے۔
ریس میں حصہ لینے والے افراد گزشتہ ایک سال سے اس مقابلے کی تیاریاں کرتے رہے ہیں جس دوران انہوں نے رات اور دن کے وقت کئی کئی گھنٹے سمندر میں گزارے ہیں جہاں انہیں شدید ترین آندھیوں کا سامنا بھی رہا۔
جوناتھن مارکس کہتے ہیں کہ انہوں نے 1979 کی ریس کے بارے میں بہت کچھ سنا ہے۔ ’کشتی رانوں کی دردناک داستان جو بحر اوقیانوس کی بے رحم لہروں کا شکار ہوگئے، جہاں چٹانیں بھی تھیں اور تیز ترین آندھیاں بھی۔ 15 اگست 1979 کو تقریباً پندرہ کشتی ران لاپتہ یا ہلاک ہوچکے تھے۔‘ نامہ نگار کے مطابق کشتی رانی کی تاریخ کا یہ بدترین واقعہ ہے۔
اب ان مقابلوں کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کا اطلاق کیا گیا ہے۔ تمام شرکاہ نے ’سی سروائول‘ کورس کیا ہے۔
1925 کے پہلے مقابلے میں صرف سات کشتیاں اپنی منزل تک پہنچ سکی تھیں تاہم اب اس میں حصہ لینے والوں کی تعداد اتنی طویل ہے کہ دنیا بھر سے لوگ اس میں شریک ہونے کی خواہش رکھتے ہیں جبکہ اس کی ’انٹری لسٹ‘ میں 300 سے زائد نام موجود ہیں۔















