کورونا وائرس: انڈیا نے چینی کٹس میں ’نقص کی شکایات‘ کے بعد 5 لاکھ کٹس کا آرڈر منسوخ کر دیا

وقت اشاعت

انڈیا نے چین سے درآمد کی جانے والی کورونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی کٹس میں ’نقص‘ پائے جانے کے بعد ایسی پانچ لاکھ کے قریب کٹس خریدنے کا سودا منسوخ کر دیا ہے۔

نئی دہلی نے پہلے سے درآمد کردہ کٹس کو جو مختلف ریاستوں میں زیر استعمال تھیں، انھیں بھی واپس منگوا لیا ہے۔

ان کٹس کے ذریعے تیس منٹ میں ٹیسٹ کے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں اور یہ کٹس وائرس سے متاثرہ شخص کے خون میں شامل 'اینٹی باڈیز' کا تعین کرتی ہیں۔ ان کٹس کے ذریعے کسی بھی علاقے میں وبا کی سنگینی کے بارے میں اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

چین نے انڈیا کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ چینی کٹس میں نقائص ہیں۔

چین کے سفارت خانے کے ترجمان جی رونگ نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’چین سے برآمد کیے جانے والے طبی آلات کے معیار کو خاص ترجیح دی جاتی ہے اور چین کی مصنوعات کو ناقص کہنا ناانصافی اور غیر ذمہ دارانہ بات ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس معاملے سے ذہنی تعصب ظاہر ہوتا ہے۔‘

یہ کٹس جو بہت کم وقت میں ٹیسٹ کرتی ہیں وہ دراصل کورونا وائرس کے جراثیم کا ٹیسٹ نہیں کرتیں اور بہت سے ماہرین اس طریقہ تشخیص پر اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔

انڈیا کی بہت سے ریاستی حکومتیں انڈین میڈیکل ریسرچ کونسل (آئی ایم آر سی) پر دباؤ ڈال رہی تھیں کہ انہیں یہ کٹس استعمال کرنے دی جائیں کیونکہ اس تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا کہ انڈیا میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ ضرورت سے بہت کم کیے جا رہے ہیں۔

انڈین میڈیکل ریسرچ کونسل ابتدا میں تو اس میں ہچکچا رہی تھی لیکن بعد میں انہوں نے یہ کٹس چین کی دو کمپنیوں سے درآمد کرنے کی اجازت دے دی۔

لیکن جلد ہی بہت سی ریاستوں سے ایسی شکایات موصول ہونا شروع ہو گئیں کہ ان کٹس میں نقص اور ان سے صرف پانچ فیصد ٹیسٹ درست آ رہے ہیں۔ کچھ ایسے افراد کے بھی ٹیسٹ کروائے گئے جن کے بارے میں پہلے سے علم تھا کہ وہ کورونا وائرس کے مریض ہیں اور ان کے ٹیسٹ منفی آئے۔

آئی سی ایم آر نے بھی ان کٹس کے معیار کا اندازہ لگانے کے لیے ٹیسٹ کیے تو نتائج مختلف نہیں تھے۔

یہ معاملہ پیر کو اس وقت زیادہ پیچیدگی اختیار کر گیا جب دہلی کی ہائی کورٹ نے ٹیسٹ کی فیس مقرر کر دی اور کہا کہ حکومت نے زیادہ قیمت ادا کی ہے۔

حکام نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ حکومت کو ان کٹس کی خریداری منسوخ کرنے سے ایک روپے کا بھی نقصان نہیں ہوگا کیونکہ حکومت نے کوئی پیشگی ادائیگی نہیں کی تھی اور پورا کا پورا سودا ہی منسوخ کر دیا گیا ہے۔