
بہتر سالہ برگیتا المبیتےگزشتہ اڑتیس برس سے پاکستان میں غیرمراعات یافتہ طبقے کے خدمات سرانجام دے رہی تھیں
تین دسمبر کولاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک عمر رسیدہ خاتون کو اپنی گولی کا نشانہ بنایا۔ یہ خاتون بہتر سالہ برگیتا المبیتے تھیں جو شہری تو سویڈن کی تھیں لیکن گذشتہ اڑتیس برس سے ان کا گھر پاکستان تھا اور ان کا جینا مرنا پاکستان کے دکھی اور غیرمراعات یافتہ طبقے کے ساتھ رہا ۔
کئی دن برگیتا جناح ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہیں پھر انھیں سویڈش سفارتخانے کے اہلکار واپس لےگئے اور پاکستان چھوڑنے کے دو روز بعد برگیتا نے دنیا ہی چھوڑ دی ۔
برگیتا نے ایسا کیا کیا تھا کہ کسی کو انھیں پاکستان سے نکالنے کے لیے دنیا ہی چھڑانی پڑی ۔سسٹر برگیتا نے یوحنا آباد میں یتیم بچیوں کے لیے ایک ہوسٹل قائم کررکھا تھا ۔
وفا سات برس کی تھی جب وہ یوحنا آباد کے اس ہاسٹل میں لائی گئی تھیں۔ سسٹربرگیتا کئی برس تک اس کی رہائش اور تعلیم کے تمام اخراجات برداشت کرتی رہیں۔ آج وفا نرسنگ کے فائنل ایئر میں ہے۔ برگیتا کی موت نے اسے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ وہ ہر لمحہ اپنی ’نانو‘ برگیتا کو یاد کرتیں ہیں۔
وفا کہتیں ہیں ’ میری ماما نہیں تھیں میں شروع سے ہی برگیتا کے ساتھ رہی انھوں نے مجھے اس طرح پیار محبت اور شفقت سے پالا مجھے لگتا ہے کہ وہ میری ماں ہی تھیں ۔ان کی کمی بہت محسوس ہوتی ہے ۔ وہ بہت یاد آتی ہیں۔‘
صرف وفا نہیں برگیتا اس ہوسٹل کی پینسٹھ بچیوں کی ’نانو‘ تھیں جو ان کی پرورش اور تعلیم و تربیت کے ساتھ ان کے دکھ درد بانٹنے والی دوست اور ہمدرد بھی تھیں۔
برگیتا لاہور کے علاوہ سندھ اور فیصل آباد میں بھی اسی طرح کے ہوسٹل اور ووکیشنل ٹریننگ کے ادارے چلا رہی تھیں۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پلوز شوکت کہتے کہ انھیں ایم بی اے تک تعلیم برگیتا نے دلائی وہ آج جو کچھ بھی ہیں سسٹر کی وجہ سے ہیں۔ ’برگیتا اڑتیس برس پاکستان میں رضاکارانہ طور پر خدمات سرانجام دیتی رہیں انھیں ان کی خدمات کا اچھا صلہ نہیں ملا ہم اس پر شرمندہ ہیں۔‘
برگیتا کیس کے تفتیشی افسر احسان الحق ہاشمی کے مطابق ’پولیس مختلف زاویوں سے اس مقدمے کی تفتیش کررہی ہے تاہم یہ ایک حساس کیس ہے ابھی تک جو پیشرفت ہے اسے منظرعام پر نہیں لایا جاسکتا۔‘

وفا سات برس کی تھی جب وہ یوحنا آباد کے ہاسٹل میں لائی گئی تھیں۔
برگیتا کا تعلق فل گوسپل اسمبلی سے تھا۔ فل گوسپل اسمبلی کے ترجمان لیاقت قیصر کہتے ہیں ’یہ ٹارگٹ کلنگ ہے۔ ہماری رائے ہے کہ یہ کوئی چور ڈاکو نہیں تھا۔ ہمارے ملک کے حالات بھی ایسے ہی ہیں ۔ برگیتا کی موت کو ملک کی مجموعی صورتحال اور حالات سے الگ نہیں کیا جاسکتا ۔ انسانی زندگی تو یہاں ویسے ہی غیر محفوظ ہوچکی ہے ۔ ہم حکمرانوں سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں انصاف دیا جائے۔‘
پنجاب کو پاکستان میں نسبتا پرامن صوبہ تصور کیا جاتا ہے لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے یہاں غیرملکی امداری کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔
اسی برس جنوری میں پنجاب کے شہر ملتان کی فورٹ کالونی میں سیلاب متاثرین کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے دفتر سے دو غیرملکی کارکنوں کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ کوٹ ادو میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے پراجیکٹ پر کام کرنے کے بعد واپس دفتر آئے۔ ابھی تک اس کیس کا معمہ حل نہیں ہوسکا ۔
ملتان کے سٹی پولیس آفسیر عامر ذوالفقار کہتے ہیں کہ ایک دن کے لیے بھی اس کیس کی تفتیش نہیں روکی گئی لیکن اس طرح کے ہائی پروفائل کیسزز میں بہت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے ۔پولیس کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کے ہاتھ سے کوئی ایسی چیز نہ نکل جائے جو مغویوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہو ۔ تفتیش چل رہی ہے ۔جونہی ہمیں کوئی کامیابی ہوگی ہم اسے میڈیا کے ساتھ شئیر کریں گے ’۔
گذشتہ برس اگست میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون سے ہی امریکی ڈاکٹر وارن وائنسٹین کو اغوا کیا گیا۔ ڈاکٹر وارن پاکستانی حکومت اور یو ایس ایڈ کے اشتراک سے پاکستان کے شورش زدہ علاقوں کے عوام کو چھوٹے کاروبار کی ترغیب دینے کے منصوبے پر کام کررہے تھے ۔ ان کے اغوا کاروں نے انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو بھی ریلیز کی لیکن ڈاکٹر وارن تاحال لاپتہ ہیں ۔
لاہور میں امریکی قونصلیٹ کی پریس آفیسر لائیڈیا بارازا کے مطابق ’امریکی حکومت کو ڈاکٹر وارن وائنسٹین کے حوالے سے تشویش ہے ۔ وہ ان کی بازیابی کے لیے کوشیش کررہے ہیں اور پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں’ ۔
ان تمام مقدمات کی تفتیش جس بھی مرحلے میں ہو فی الحال زمینی حقیقت تو یہی ہے کہ اپنے ملکوں کی آسائش اور تحفظ کو چھوڑ کر پاکستان کے پسے ہوئے عوام کے لیے کام کرنے والے ان مسیحاوں اور ان کے خاندانوں کو تو یہاں سے ان کی خدمات کا کوئی اچھا صلہ نہیں ملا۔






























