
سپریم کورٹ نے بلوچستان میں امنِ عامہ کی صورتحال سے متعلق اپنے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ انتظامیہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں واضح کیا ہے کہ اس نے بلوچستان اسمبلی سے متعلق ’ایک لفظ‘ بھی نہیں کہا ہے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور وہ اس ذمہ داری میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
عدالت نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے دکھوں کا کوئی بھی مداوا نہیں کر رہا ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ انتظامیہ آئین کے احکامات کو ماننے کی پابند ہے۔
چیف جسٹس نے کہا اس مقدمے کی بہتر مواقع پر سماعت کے بعد اب اپنا فیصلہ سنا رہے ہیں۔’اگر ہم لوگوں کا حقوق کا تحفظ نہیں کر سکتے تو ہمیں یہاں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں۔‘
اس سے پہلے مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وکیل شاہد حامد کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کوئٹہ سے اغوا ہونے والے ڈاکٹر سعید احمد کو نو ملین روپے تاوان ادا کرنے کے بعد رہا کیاگیا ہے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ابھی تک چھبیس ڈاکٹروں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گورنر بلوچستان کی نگرانی میں ایک کمیٹی قائم کر دی ہے۔ اس کمیٹی میں وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، ہوم سیکرٹری بلوچستان، آئی ایس آئی، ایم آئی کے سربراہ اور فرنٹیئر کور کے انسپکٹر جنرل شامل ہیں۔






























