تحریک انصاف نے بھی سندھ اینٹی کرپشن آرڈیننس کو چیلنج کر دیا

،تصویر کا ذریعہARIF ALVI/FACEBOOK
سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف نے بھی سندھ اینٹی کرپشن آرڈیننس کو چیلنج کر دیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور مسلم لیگ ف اس قانون کو پہلے ہی چیلنج کرچکی ہیں، جس کی سماعت بدھ کو ہو گی۔
سندھ کی صوبائی اسمبلی نے تین جولائی کو قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی منسوخی کا بل منظور کیا تھا، جس کو منظوری کے لیے گورنر سندھ کو بھیجا گیا جنھوں نے دستخط کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے اسمبلی کو واپس کردیا۔
اسمبلی نے دوبارہ یہ بل انھیں بھیجا اور مقررہ وقت کے بعد اس کا اطلاق کر دیا گیا۔
اینٹی کرپشن آرڈیننس کے مطابق صوبائی محکموں اور خود مختار اداروں پر قومی احتساب آرڈیننس کا اطلاق ختم کردیا گیا ہے جبکہ ایک صوبائی احتساب ایجنسی قائم کی جائے گی جو کرپشن کے معاملات کی تحقیقات اور پیروی کرے گی۔
نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل، پراسیکیوٹر جنرل، ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر انویسٹیگیشن اس کے رکن ہوں گے۔ اس کے علاوہ صوبے بھر میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی سربراہی میں احتساب عدالتیں قائم کی جائیں گی۔
ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ فنکشنل نے مشترکہ درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ نیب آرڈیننس کی منسوخی کا مقصد پاکستان پیپلز پارٹی کی کرپشن کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ان درخواستوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے علاوہ سندھ اسمبلی کے سیکریٹری، سیکریٹری قانون اور قومی احتساب بیورو کو بھی فریق بنایا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب آرڈیننس وفاقی سرکار کا قانون ہے جس کو منسوخ کرنا صوبائی اسمبلی کا اختیار نہیں، کیونکہ آئین کے آرٹیکل 142 اور 143 بی کے تحت صوبائی اسمبلی ایسا نہیں کرسکتی۔
درخواست میں عدالت سے گزارش کی گئی ہے کہ سندھ اسمبلی کی جانب سے نیب آرڈیننس کی منسوخی کو کالعدم قرار دیا جائے اور عدالتی فیصلے تک عملدرآمد کو روکا جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور چوری کی وجہ سے سندھ کی حالت بدتر ہوچکی ہے حالانکہ سندھ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا صوبہ ہے۔
انھوں نے حکمران پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا کہ اس نے اداروں کو مضبوط کرنے کے بجائے کمزور کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح میاں نواز شریف نے قومی احتساب بیورو کو تباہ کیا اسی طرح آصف زرداری نے سندھ میں احتساب بیورو کو ختم کر دیا ہے۔





















