
ترنمول کانگریس نے ستمبر میں مرکزی یو پی اے حکومت کی حمایت سے ہاتھ کھینچ لیا تھا
بھارت میں حکمران کانگریس نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت پارلیمنٹ کے سرما سیشن میں خوردہ کاروبار میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے معاملے پر ترنمول کانگریس کے ذریعے لائی جانے والے عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
اس کے ساتھ ہی کانگریس نے اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کے بعد ووٹنگ کرانے کے مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے مطالبے کو بھی مسترد کر دیا ہے۔
اس معاملے پر حزب اختلاف کی ہر حکمت عملی پر کڑی نظر رکھے ہوئے مرکز کی یو پی اے حکومت کو لگتا ہے کہ ترنمول کانگریس پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک نہیں لا سکے گی اور اگر اس طرح کی تجویز آتی بھی ہے تو وہ آسانی سے ناکام ہو جائے گی۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ حکومت کے اس یقین کی اصل وجہ اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد کی کمی ہے.
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا میں عدم اعتماد کی تحریک کی منظوری کے لیے کم سے کم پچاس اراکین کی حمایت ضروری ہے لیکن ترنمول کے پاس صرف انیس لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ ہیں۔
حالانکہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اس معاملے پر حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور بائیں بازو سے حمایت کی اپیل بھی کی ہے لیکن ترنمول کی اس کوشش کا تقریبا مذاق اڑاتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے وزیر منیش تیواری نے پیر کو صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا، ’پارلیمنٹ کی تاریخ میں یہ مضحکہ خیز صورتحال ہے کہ انیس ممبران والی پارٹی عدم اعتماد کی تحریک لانے کی بات کر رہی ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ ممتا اپنے فیصلے پر سنجیدگی سے غور کریں گی، کیونکہ تین ماہ قبل تک ان کی پارٹی اسی حکومت کا حصہ تھی اور ترنمول کے وزیر حکومت کے حصہ تھے‘۔
اے ایف ڈي آئي کے مسائل پر ہی ترنمول کانگریس نے ستمبر میں مرکزی یو پی اے حکومت کی حمایت سے ہاتھ کھینچ لیا تھا۔
"پارلیمنٹ کی تاریخ میں یہ مضحکہ خیز صورتحال ہے کہ انیس ممبران والی پارٹی عدم اعتماد کی تحریک لانے کی بات کر رہی ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ ممتا اپنے فیصلے پر سنجیدگی سے غور کریں گی، کیونکہ تین ماہ قبل تک ان کی پارٹی اسی حکومت کا حصہ تھی اور ترنمول کے وزیر حکومت کے حصہ تھے۔"
منیش تیورای
کانگریس کو یقین ہے کہ حزب اختلاف بٹا ہوا ہے اور حکومت کے پاس کافی تعداد ہے۔ پارٹی کے ترجمان سندیپ دکشت نے کہا،’جب اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی نوبت آئے گی، ہمیں اپنے اتحاد کے ارکان کی تعداد پر مکمل بھروسہ ہے اور طاقت آزمانے کے بعد ہم اسے منظور کرا لیں گے‘۔
کانگریس کے اس یقین کو اور پختہ کرتے ہوئے مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری پرکاش کرات نے کہا کہ حکومت کے پاس ضروری تعداد ہے، ایسی حالت میں ترنمول کانگریس کی تجویز مفید ثابت نہیں ہوگی۔
ممتا کی اپیل پر بی جے پی نے فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے. منگل کو بی جے پی اس ایشو پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اجلاس کرنے والی ہے جس کے بعد این ڈی اے کی بھی ملاقات ہوگی۔
اس مجوزہ عدم اعتماد کی تحریک پر اصلی نظریں اتر پردیش کے دونوں اہم جماعتوں سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی پر لگی ہوئی ہیں۔
مایاوتی اور ملائم سنگھ دونوں اس وقت حکومت کے ساتھ ہیں اور اس موضوع پر انہوں نے اپنی پوزیشن تاحال واضح نہیں کی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مایاوتی ابھی انتخابات نہیں چاہتیں کیونکہ وہ اتر پردیش میں شکست کے بعد اپنی پارٹی کی جیت کے بارے میں مطمئن نہیں ہیں۔ دوسری جانب ملائم سنگھ انتخابات تو چاہتے ہیں لیکن وہ عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت میں تبھی جائیں گے، جب وہ مطمئن ہو جائیں کہ حکومت گرنے ہی جا رہی ہے۔
اگر بی جے پی، ممتا کی اپیل مان لیتی ہے تو حکومت کے لیے تھوڑی پریشانی بڑھ سکتی ہے لیکن تعداد کے معاملے میں مطمئن ہونے کے باوجود حکومت کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کا سرما سیشن بائیس نومبر سے شروع ہوگا جس میں اپوزیشن کئی اقتصادی فیصلوں پر حکومت کوگھیرنے کی کوشش کرے گی لیکن پارلیمانی سیاست آخرکار نمبر کا کھیل ہوتا ہے اور فی الحال حکومت اس کھیل میں بہتر حالت میں نظر آتی ہے۔






























