
یقین دہانیوں کے باوجود پاکستان سے ہندوؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے
پاکستان سے بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور پہنچنے والے پاکستانی ہندوؤں کے ایک اور گروپ کا کہنا ہے کہ وہ اب واپس نہیں جائیں گے۔
اتوار کو اڑتالیس ہندوؤں پر مشتمل یہ گروپ پاکستان سے بھارت کی جودھ پور پہنچا۔
کلِک بھارت جانے والے ایک پاکستانی ہندو سے انٹرویو سنیے:
جودھ پور میں پاکستان سے آنے والے ہندوؤں کے لیے عارضی کیمپ قائم ہے اور اس میں تین سو سینتالیس پاکستانی ہندو پہلے ہی سے مقیم ہیں اور اتوار کو پہنچنے والے گروپ کو بھی اسی کیمپ میں رکھا گیا ہے۔
نئے آنے والے لوگوں میں سے چوبیس افراد کا تعلق ’گڑریا‘ یا چرواہوں کی برادری رائکاس سے ہے اور اس برادری کے لوگوں نے پہلی بار بھارت نقل مکانی کی ہے۔
بھارت نقل مکانی کرنے والے پاکستانی ہندوؤں کی فلاح کے لیے کام کرنے والی سمینت لوک سنگھٹن (ایس ایل ایس) نامی تنظیم کے سربراہ ہندو سنگھ سوڈھا کا کہنا ہے کہ ان افراد کے پاس کھانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔
ہندو سنگھ سوڈھا کا کہنا تھا کہ’ ہم مقامی لوگوں کی مدد سے ان کے کھانے اور رہنے کا انتظام کر رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے حکومت کی جانب سے ابھی کوئی مدد نہیں پہنچی ہے۔‘
پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے سانگھڑ سے آنے والے ہرک چند نے بی بی سی کو بتایا’میں ہری دوار کی زیارت کے ویزے پر اپنے آٹھ بچوں اور بیوی کے ساتھ آیا تھا لیکن میرے پاس زیارت کے لیے پیسہ ہی نہیں ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ اس وقت میرے پاس ایک بھی پیسہ نہیں ہے۔‘
پاکستان میں خوف کی زندگی
"سخت گیر اسلامی عناصر کے سبب وہاں زندگی مشکل ہوگئی ہے۔ ہم اس خوف میں جیتے ہیں کہ کہیں ہماری لڑکیوں اور خواتین کا زبردستی مذہب تبدیل نہ کر دیا جائے۔ ہم گھروں میں قید رہتے ہیں کہ کہیں ان کو اغوا نہ کر لیا جائے اور پھر ان کا مذہب تبدیل کر دیا جائے"
ایک پاکستانی ہندو
حالیہ دنوں میں پاکستان سے بھارت نقل مکانی کرنے والے ہندوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور تازہ گروپ کی آمد اسی کا ایک حصہ ہے۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان چلنے والی ٹرین تھر ایکسپریس سے ایسے ہندو تقریباً ہر روز بھارت پہنچتے ہیں۔
بھارت آنے والے ایسے ہندو اکثر مذہبی بنیادوں پر امتیازی سلوک کا الزام لگاتے ہیں۔
ایک پاکستانی ہندو نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ’سخت گیر اسلامی عناصر کے سبب وہاں زندگی مشکل ہوگئی ہے۔ ہم اس خوف میں جیتے ہیں کہ کہیں ہماری لڑکیوں اور خواتین کا زبردستی مذہب تبدیل نہ کر دیا جائے۔ ہم گھروں میں قید رہتے ہیں کہ کہیں ان کو اغوا نہ کر لیا جائے اور پھر ان کا مذہب تبدیل کر دیا جائے۔‘
بھارت نقل مکانی کرنے والے ان پاکستانی ہندوؤں نے دنیا کی توجہ اپنی طرف راغب کرانے کے لیے گزشتہ ہفتے ایک امن مارچ کا انعقاد کیا تھا۔
ان لوگوں نے ریاستی وزیراعلیٰ اشوک گہلوت سے ملاقات کی تھی جنہوں نے ان کی مدد کا بھی وعدہ کیا تھا۔
چند روز پہلے ہی بھارت نے ان پاکستانی ہندوؤں کو شہریت دینے کی کارروائي شروع کی تھی جو سات برس کے عرصے سے ہندوستان میں رہ رہے تھے۔
حکام کا کہنا تھا ایسے نو سو پاکستانی شہری ہیں جو بھارتی شہریت کی درخواست دینے کے اہل ہو گئے ہیں۔
حکومت نے اس فہرست میں اُن ہندوؤں کو شامل کیا ہے جو دسمبر دو ہزار چار سے پہلے بھارت آئے تھے اور پھر واپس نہیں گئے۔






























